وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشت گردوں کے نہتے شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق افراد کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کےلیے صبر کی دعا کی۔
شہباز شریف نے واقعے میں زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے، بلوچستان میں انتشار اور بے امنی پھیلانے والے عناصر صوبے کی ترقی کے دشمن ہیں، ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔