وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی پوری تاریخ اسٹیبلشمنٹ سے تعلق پر محیط ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بعض قوتیں چاہیں گی کہ بانی پی ٹی آئی باہر چلے جائیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ملک سے باہر جانا چاہئیں گے، بانی چیئرمین کی پوری تاریخ اسٹیبلشمنٹ سے تعلق پر محیط ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایپکس کمیٹی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے 99 فیصد گفتگو صوبے میں دہشت گردی کے حوالے سے کی۔ بانی پی ٹی آئی کی قید اور جلسے سے متعلق تبرک کے طور پر بات کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے 9 مئی کو کچھ نہیں کیا تو پھر حالات نہیں سدھر سکیں گے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ اپیکس کمیٹی میں دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل پر غور کیا گیا، تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ اور پولیس چیفس نے بات چیت میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں خوشگوار ماحول میں بات ہوئی، علی امین گنڈاپور کی بات چیت خیبر پختونخوا میں دہشت گردی سے متعلق رہی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے 99 فیصد باتیں صوبے میں دہشت گردی سے متعلق کیں، وزیراعلیٰ نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق کہا کہ وہ بغیر کسی جرم کے قید ہیں، ہمیں احتجاج نہیں کرنے دیا جارہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بقول جنرل پرویز مشرف بانی پی ٹی آئی نے اُن سے 100 نشستیں مانگی تھیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اگر مذاکرات کرنے ہیں تو 9 مئی کا پل کراس کرنا ہوگا۔ ان کے بہت سارے لوگ ہیں جو فوٹیج میں نظر آتے ہیں وہ کس طرح انکاری ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فوٹیج دیں اب تو ویڈیو بھی چلادی گئی ہے۔