اسلام آباد(نمائندہ جنگ) شہباز شریف نے سیلز ٹیکس فراڈ کی نشاندہی کرنے والے افسر کو وزیر اعظم ہاؤس بلا لیا ، فرض شناسی کو سر اہا،50لاکھ روپے کا انعام اور اعزازی شیلڈ دی، تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لا نے کی ہدایت ، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، عوام کے ٹیکس پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مضبوط کیا جائے گا، ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین نے کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی۔ وزیراعظم نے اعجاز حسین کی فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کی پذیرائی کی اور ان کی ایمانداری کے اعتراف میں ان کے لیے 50لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے اعجاز حسین کی فرض شناسی پر انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔