وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تمام پاکستانیوں سے تکلیف کیلئے معذرت ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملے کیے گئے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، حکومت ماضی میں ان کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کرچکی۔
احسن اقبال نے کہا کہ انہوں نے حکومت کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھایا، ملکی حفاظت کیلئے کئی اقدامات ناگزیر ہو جاتے ہیں، امید ہے آج ان کا ناٹک ختم ہو جائے گا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی کارروائی ہے، یہ عدالت کے سامنے کلیئر ہوتے ہیں تو تب ہی رہائی ممکن ہے، بانی پی ٹی آئی بے گناہ ہیں تو عدالت کے سامنے ثبوت دیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس طرح کے احتجاجی دھرنوں سے کچھ نہیں ہوگا، 9 مئی کے بعد اس سیاسی جماعت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی، انتشار پیدا کرنے کا مقصد ملکی حالات خراب کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی پاراچنار پر کوئی توجہ نہیں، یہ لوگ آج بھی منتظر ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کو جیل سے نکالے۔