بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں آئے روز مختلف واقعات میں دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچائے جانے کی حوصلہ افزا اطلاعات مل رہی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی پریس ریلیز کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جاری سرچ آپریشن کے دوران بدھ کے روزلکی مروت میں 5خوارج ہلاک کردیے۔یکم دسمبر کو دومقامات،اور اس سے تین روز قبل خیبرپختونخوا کے علاقہ باغ میںایک کارروائی سمیت مجموعی طور پر 12دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔26نومبر کو افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین خوارج جہنم واصل کیے گئے۔ یہ سب کارروائیاں پاک فوج کےافسروں اور جوانوں کے قربانی کے عظیم جذبے سے سرشار بلند ترین حوصلوں اور شاندار عزائم کی غماز ہیں۔انھیں آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کا تسلسل قرار دیا جاسکتا ہے جو سرزمین وطن سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔اگر 2021میں مذاکرات کے نام پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو نرم رویے کی چھوٹ نہ دی گئی ہوتی تو ان تین برسوں میں چینی باشندوں پر حملوں سمیت دہشت گردی کے وہ انتہائی قابل مذمت واقعات رونما نہ ہوتے جن کے باعث قیمتی جانی اور معیشت کو اربوں روپے کا پہنچنے والا نقصان ہوا۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے بلند تر عزائم کی بدولت ماسوائے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کےسرحدی علاقوں کے، اندرون ملک زندگی رواں دواں ہےاور معیشت پھل پھول رہی ہے۔اس کا سہرا دفاع وطن پر قربان ہونے والے شہدااوراسی جذبے سے سرشار غازیوں کے سر ہے جنھوں نے خوارج کے امن و امان خراب کرنے کے مذموم ارادے خاک میں ملادیے۔ضروری ہوگا کہ فتنہ الخوارج کے سہولت کاروں کے خلاف بھی آپریشن شروع کرتے ہوئے ضابطے کی موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔