• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی تنازعات مذاکرات سے طے، بات چیت بحالی کے لیے کوششیں ہونی چاہئے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی تنازعات کا حل مذاکرات سے ہی نکلے گا، مذاکرات کی بحالی کیلئے کوشش ہونی چاہئے، اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی کل قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق کمیٹیوں کے درمیان ’’بیک چینل‘‘ کھلنے کی توقع ہے جبکہ دونوں جانب سے خاموش رابطے قائم کرنے پر غورکیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں تنازعات کا حل مذکرات ہی سے نکل سکے گا مذاکرات کی بحالی کیلئے کوشش ہونا چاہئے۔ اتوار کو جنگ/دی نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نےاظہار خیال ظاہر کیا کہ سیاست میں دھیمے لہجے کو اختیار کرکے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے تو یہ بہت اچھی بات ہے تاہم ایسے لہجے میں حل برآمد نہیں ہورہے۔ ایک استفسار کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فی الوقت مذاکرات کے دروازے بند ہیں اور دوسرے فریق نے انہیں ختم کردیا ہے ۔ اسکے باوجود اسپیکر ایازصادق نے کہا ہے کہ انہوں نے کمیٹیوں کو برقرار رکھا ہے حکومت کا حال یہ ہے کہ اس نےہمیں کوئی پیغام نہیں بھیجا حتیٰ کہ اسکی جانب سے کوئی واٹس ایپ پر بھی پیغام نہیں ملا۔ اس دوران پتہ چلا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان کی کل (منگل) قومی اسمبلی کے اسپیکر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کا امکان ہے۔ وہ منگل کو انسانی حقوق کی قومی اسمبلی کی کمیٹی کےاجلاس میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس جائینگے جہاں انکی اسپیکر سے ملاقات ہوسکتی ہے ۔ بیرسٹر گوھر کا کہنا تھاکہ اسپیکر انسانی حقوق کی کمیٹی کے رکن نہیں ہیں لیکن پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کی موجودگی سے ملاقات کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختواخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور 8؍ فروری کے یوم سیاہ کے سلسلےمیں صوابی کے جلسے میں شریک ہونگے اور اس سے خطاب بھی کرینگے میںخود بھی صوابی کے جلسے میں شریک ہوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ انہیں اس امرکی امید نہیں کہ لاہور میں 8؍ فروری کو تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دی جائے گی۔ عالیہ حمزہ ملک نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اسکے لئے اجازت حاصل کریںگی۔ انہوں نےکہا کہ خیبرپختوانخوا اور شمالی پنجاب کے لئے جلسہ صوابی میں ہوگا۔ وسطی پنجاب کااجتماع لاہور میں ہوگا دیگر اضلاع اپنے طور پر جلسےمنعقد کرینگے اس طرح 8؍فروری کو یوم سیاہ بھرپور انداز میںمنایا جائےگا۔ اس دوران سیاسی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومتی اور حزب اختلاف کی کمیٹیوں کے درمیان بیک چینل ر ابطے ہفتہ رواں کےدوران قائم ہونے کا امکان ہے جس کے بعد مذاکرات کی بحالی کے کسی حتمی امکان کے پیدا ہونے کی توقع کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کااصرار ہے کہ مذاکرات اور ان کے بارے میں کھلے بندوں تبصروں اور سوالات سےالجھنیں جنم لیتی ہیں اورکامیابی کا ماحول پیدا ہونےکی بجائے بگڑ جاتاہےیہی وجہ ہےکہ دونوں طرف سے ’’خاموش‘‘ رابطوں کی راہ اختیارکرنے پر غور کیا جارہاہے۔

اہم خبریں سے مزید