• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی کتنا محفوظ ہے؟ وائرل ویڈیو نے بتا دیا


متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حوالے سے دعویٰ کیا جاتا یے کہ یہ دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہے۔

یہ دعوے یوں ہی نہیں کئے جاتے، سونے کا کاروبار کرنے والی تاجر اور سوشل میڈیا انفلوئینسر نے سماجی رویوں پر مبنی تجربہ کر کے اس کا عملی ثبوت بھی دے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

لیلیٰ افشونکر نامی دبئی میں مقیم سوشل میڈیا انفلوئنسر اپنا لاکھوں درہم مالیت کا قیمتی سونے کا سیٹ مصروف سڑک پر کھڑی ایک گاڑی کے بونٹ پر رکھ کر قریب موجود دکان کے اندر سے کر راہگیروں کی فلم بندی کرنے لگیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ کئی لوگ اس گاڑی کے قریب سے گزرے لیکن کسی نے بھی زیورات کو ہاتھ نہیں لگایا بلکہ ایک خاتون نے زمین پر پڑی سونے کی بالی کو بھی اُٹھا کر گاڑی کے بونٹ پر موجود سونے کے سیٹ کے ساتھ رکھ دیا۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر نے یہ سماجی تجربہ تقریباً آدھے گھنٹے تک ریکارڈ کیا لیکن کسی نے بھی سونے کے سیٹ کو چرانے کی کوشش نہیں کی۔

بعد ازاں لیلیٰ کو وائرل ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ آدھا گھنٹہ ہو گیا ہے اور کسی نے سونے کو ہاتھ تک نہیں لگایا، اب آپ مجھے بتائیں کیا دبئی واقعی دنیا کا سب سے محفوظ ترین شہر نہیں ہے؟

اس تجربے سے دبئی کے دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہونے کی ساکھ کو تقویت ملی ہے۔

وائرل ویڈیو کو اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں، جبکہ لوگ اس پر تبصرہ کر رہے ہیں کہ اگر یہ بھارت میں ہوتا تو ڈاکو زیورات کے ساتھ بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی لے جاتے۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ یہ تجربہ بہار یا اتر پردیش میں آ کر کریں پھر دیکھیں۔

واضح رہے کہ رواں سال کے اوائل میں میری گولڈ ویلتھ کے بانی اور سی ای او اروند دتا نے دعویٰ کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، خاص طور پر دبئی دنیا میں آباد ہونے کے لیے بہترین جگہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کوئی جرم نہیں ہوتا، دبئی خواتین کے لیے سب سے زیادہ محفوظ جگہ ہے اور کلاس انفرااسٹرکچر میں بہترین اور بہت سی چیزیں ہیں۔

دوسری جانب حالیہ سروے میں دبئی کو 86.8 انڈیکس کے ساتھ 2024ء کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، یہاں جرائم کی شرح سب سے کم 13.1 کی سطح پر ہے۔

اس سماجی تجربے نے ناصرف دبئی کی سیفٹی کو ظاہر کیا ہے بلکہ ایک کمیونٹی کی اقدار اور سماجی ذمے داریوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔