بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں بورڈر گواسکر ٹرافی کے سلسلے میں آسٹریلیا کے دورے پر ہے۔
دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ کے آغاز سے قبل بھارتی ٹیم کینبرا سے ایڈیلیڈ پہنچی تو بعض کھلاڑیوں نے خریداری کا ارادہ کیا۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بھارتی کھلاڑیوں کو خریداری کے دوران موچ مستی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں 22 سالہ بھارتی اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال کو ’نو انٹری‘ میں انٹر ہوتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یشسوی جیسوال شارٹ کٹ کے چکر میں شیشے کے آٹومیٹک دروازے کے پیچھے پہنچے جبکہ ان کی ٹیم کے دیگر کھلاڑی متبادل راستے سے آگے بڑھے۔
کسی تکنیکی خرابی کے سبب شیشے کا آٹومیٹک دروازہ کام نہ کرنے کی وجہ سے اوپننگ بلے باز پھنس گئے جبکہ دیگر کھلاڑی ان کی طرف اشارہ کر کے یہ کہتے سنائی دیے کہ ’پھنس گیا وہ‘۔
اتنے میں روہت شرما نے کھلاڑی کو ڈانٹا کہ وہاں لکھا ہوا بھی ہے کہ یہ ’نو انٹری‘ ہے، ادھر جائیں گے تو پھنسیں گے، تم وہاں گئے کیوں؟
اس موقع پر دیگر کھلاڑی ہنسی مذاق سے باز نہ آئے جنہوں نے کہا کہ ہم اس دروازے کے قریب جائیں گے تو یہ کھل جائے گا۔
واضح رہے کہ بورڈر گواسکر ٹرافی کا دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ 6 دسمبر سے آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں شروع ہو گا۔
5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔