• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِاعلیٰ کے پی وفاق سے لڑنے کی بات کرتے ہیں: شرجیل انعام میمن

شرجیل میمن—فائل فوٹو
شرجیل میمن—فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی وفاق سے لڑنے کی بات کرتے ہیں۔

 شرجیل انعام میمن نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختون خوا میں آپ کی تیسری حکومت ہے، حالات یہ ہیں کہ ارکان اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ اگر آپ میں اتنی ہمت ہے تو آپ کو اس وقت دہشت گردوں سے لڑنا چاہیے، اسی سوچ کی وجہ سے یہ اپنے لیڈر کو بھی جیل میں ڈال کر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بہت سے مقدمات پی ٹی آئی نے اپوزیشن کے خلاف بنائے تھے، آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف بھی مقدمات بنائے گئے۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ عدالتوں سے بھاگنا نہیں چاہیے، عدالتوں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔

ان کہنا ہے کہ ایک آمرانہ سوچ ہوتی ہے جس کے مطابق ہر کام اس کی مرضی سے ہو۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کل عدالت سے چلے گئے، ان کا مائنڈ سیٹ ہے کہ عدالت سمیت سب کچھ ان کے کہنے پر چلے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ماضی میں بھی سول نافرمانی کا کہا اور بجلی کا بل جلایا، بعد میں جب بجلی کٹی تو سب سے پہلے ان کے خاندان نے بل جمع کرایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن بھی ان کے کہنے پر چلے، ان کے پاس لوگوں کو دینےکے لیے صرف انتشار ہے۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے یہ بھی کہا ہے کہ 26 ویں آئیں ترمیم کا کریڈٹ بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے، کوشش یہ تھی کہ آئینی عدالتیں بنیں جبکہ سندھ میں بھی آئینی بینچز بنا دیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید