میرپورخاص(نامہ نگار) میرپورخاص کے انتہائی گنجان رہائشی علاقے ہیرآباد میں واقع ایل پی جی گیس سلنڈر کی ایک دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،جس سے گیس سے بھرے سلنڈر یکے بعد دیگرے زور دار دھما کو ں سے پھٹ پڑے، د ھماکوں سے شدید خوف وہراس پھیل گیا ، آگ نے تین قریبی دکانوں اور ایک مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،سخت جدوجہد کے بعد لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا، آتشزدگی کی لپیٹ میں آکر دو دکاندار عبدالرزاق قریشی،بشیر قریشی اور ایک راہگیر امان اللہ زخمی ہو گئے جبکہ چار رکشوں ،تین دکانوں اور ایک مکان کو شدید نقصان پہنچا ،زخمیوں کو سول اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ضروری طبی امداد دیکر عبدالرزاق کو حیدرآباد روانہ کردیا گیا۔علاقے کے لوگوں کا کہناہے کہ بروقت اطلاع دینے کے باوجود فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچا،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رہائشی علاقوں میں ایل پی جی گیس کی دکانوں میں آتشزد گی کے مختلف واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں ،جس میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوچکا ہے ،لیکن انتظامیہ نے اس صورت حال سے چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے۔