شام کی بدنام زمانہ جیل صیدنایا سے لبنانی گلوکارہ ایلیسا کا قریبی رشتہ دار بھی بازیاب کروایا گیا ہے۔
لبنان کی معروف پاپ گلوکارہ ایلیسا نے انکشاف کیا ہے کہ بشار الاسد کے بدنام زمانہ صیدنایا جیل سے حال ہی میں رہا ہونے والے قیدی کلود لیشا الخوری ان کے کزن ہیں۔
شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب واقع بدنام زمانہ صیدنایا جیل، جسے ’’انسانی مذبح خانہ‘‘ کہا جاتا ہے، سے بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد ہزاروں قیدیوں کو رہا کروالیا گیا ہے، قیدیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
انہی قیدیوں میں لبنانی گلوکارہ ایلسیا کا قریبی رشتہ دار بھی شامل تھا، جس سے متعلق گلوکارہ نے بتایا کہ کلود ان کا کزن تھا جو جیل سے رہا ہوگیا ہے۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ کلود کے والدین کا انتقال قید کے دوران ان سے جدائی کے صدمے سے ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق کلود الخوری، ایک لبنانی عیسائی ہے، جسے تقریباً 40 سال پہلے بشار الاسد کے والد، حافظ الاسد کی حکومت کے دوران شام کی لبنان پر قبضے کی مخالفت کے جرم میں اغواء کر لیا گیا تھا، اسے صیدنایا جیل میں قید رکھا گیا تھا، جس کی رہائی بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ممکن ہوئی۔