بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اور آئی سی سی نے پاکستان کی تمام شرائط مان لی ہیں ۔ غیرسرکاری اجلاس میں آئی سی سی نےہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی ہے ،پاکستان اور بھارت میں اصولی معاہدہ ہوگیا ہے جسے جلد تحریری شکل دی جائے گی۔2026کے ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جا ئے گی ،دونوں ملکوں کے درمیان لیگ میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا ۔پاکستان 2027کے بعد آئی سی سی خواتین ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جبکہ 2026کے ٹی 20ورلڈ کپ ناک آئوٹ میچوں کا معاملہ بعد میں طے ہوگا۔فیوژن فارمولے کے تحت پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے 5میچوں کیلئے دبئی،بنگلہ دیش اور سری لنکا سے بات چیت کررہا ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے دبئی کو اپنے ملک کے میچوں کا مرکز قرار دیا ہے ۔بھارت کے کوالیفائی کرنے کی صورت میں سیمی فائنل اور فائنل بھی دبئی میں کھیلے جائیں گے۔بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ براڈکاسٹرز نے چیمپینز ٹرافی کو 50اوورز کی بجائے ٹی 20فارمیٹ پر کرانے کی تجویز دی ہے۔ان کا موقف ہے کہ وقت کی کمی کے باعث انتظامات کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ پر ہونے والے اخراجات کے حوالے سے زرتلافی پر زور دے رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تینوں فریق آئی سی سی ،بی سی سی آئی اور پی سی بی اس پیشرفت پر مطمئن ہیں۔کرکٹ چیمپینز ٹرافی 2025کا انعقاد 19فروری سے 9مارچ تک شیڈول ہے ،جس میں 8ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ،ہر گروپ سے سر فہرست 2ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی۔ چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان 21نومبر سے پہلے کرنا تھا ،تاہم بعض بھارتی اختلافات کے باعث یہ درد سر بن گیا ۔اب یہ معاملہ بات چیت کے مرحلے میں ہے،جس میں پاکستان کے تحفظات کا دفاع بہرحال ضروری ہے۔