وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اداروں کی نجکاری قوانین و ضوابط کے مطابق ہونا ہے، خلاف ضابطہ کچھ نہیں ہوسکتا۔
وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مختلف اداروں کی پرائیویٹائزیشن کے امور پر غور و خوض اور اہم سفارشات پیش کی گئیں۔
پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے 229ویں اجلاس میں گزشتہ بورڈ اجلاس کی کارروائی کی منظوری دے دی گئی۔
عبدالعلیم خان نے نجکاری کے تمام منصوبوں پر شفافیت کے ساتھ کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پرائیویٹائزیشن کیلئے فنانشل ایڈوائزرز کی تقرری سمیت اہم تکنیکی امور پر پیشرفت پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اداروں کی نجکاری قوانین و ضوابط کے مطابق ہونا ہے، خلاف ضابطہ کچھ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کا مقصد ملکی خزانے پر مستقل پڑنے والے بوجھ سے نجات دلانا ہے۔
قومی ایئرلائن کی نجکاری کےلیے بہتر اور مختلف حکمت عملی اور نئی سفارشات پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری اب زیادہ آسان اور پرکشش بنائی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کےلیے وزارت توانائی سے ایک ہفتے میں امور کو حتمی شکل دے دی جائے۔