• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حادثے کے شکار آذربائیجانی طیارے کے مسلم مسافر کی آخری لمحات کی ویڈیو سے سب حیران


قازقستان ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہونے والے آذربائیجان کے طیارے کے آخری لمحات کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ روز حادثے میں تباہ ہونے والے آذربائیجان کے طیارے کے آخری لمحات کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو کہ اس حادثے کے دوران زندہ بچ جانے والے ایک مسافر نے بنائی ہے۔

اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں بیٹھا ایک مسافر یہ جاننے کے بعد بھی کہ طیارہ اب پائلٹ کے کنٹرول میں نہیں رہا اطمینان کے ساتھ بلند آواز میں ’اللّٰہ اکبر اللّٰہ اکبر‘ کہتا اور کلمۂ شہادت کا ورد کرتا نظر آ رہا ہے۔

آذربائیجان کے طیارے کے اس مسلمان مسافر کے خدا پر بھروسے اور موت کے بعد دوسری زندگی پر یقین نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آذر بائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔

طیارے میں عملے سمیت 67 افراد موجود تھے جن کا تعلق آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور روس سے ہے۔

طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا جا رہا تھا۔

ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا تھا کہ پرندہ ٹکرانے کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا ہے۔