اسلام آباد(صالح ظافر) بیجنگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نہ صرف آگے بڑھے گی بلکہ اسے مزید وسیع اور پھیلایا جائے گا۔ یہ یقین دہانی چینی قیادت نے وزیراعظم کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں کرائی ہے۔ اس کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ/وزیر مملکت سید طارق فاطمی نے جمعرات کو کیا، جب انہوں نے وزیراعظم اور چینی قیادت کی ملاقاتوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں ‘چائنا کارنر’ کے افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات میں کچھ ایسا دلکش ہے جو کئی سالوں سے بین الاقوامی تعلقات کے اسکالرز کو حیران کر رہا ہے۔ دونوں ممالک کی تاریخ بتاتی ہے کہ عوام اور فلسفوں کے درمیان بڑے فرق کے باوجود یہ تعلق مضبوط ہوتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا اور اقوام متحدہ میں چینی رکنیت کے لیے سب سے پہلے وکالت کرنے والا بھی۔