پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ 27 دسمبر صرف پیپلز پارٹی کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا میں جمہوریت پسند عوام کے لیے بھاری دن ہوتا ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی پر شیری رحمٰن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 27 دسمبر ہم سب کے لیے مشکل دن ہے، صرف پیپلزپارٹی کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا میں جہاں جہاں جمہوریت پسند عوام ہے، ان کے لیے یہ دن بھاری ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا نے سوگ منایا، وہ ہمارے لیے قومی اثاثہ تھیں، نام کی طرح ان کی زندگی بھی بے نظیر تھی۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے آمرانہ قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، وہ اپنے ورکرز کا نام فخر سے بلند کر گئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی سوچ، حوصلے اور فکر کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
دریں اثنا گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت ملک کے لیے بڑا سانحہ تھا۔
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود وطن واپس آئیں، ان کی آمریت کے خلاف جدوجہد ناقابل فراموش ہیں، ان کے بیٹے والدہ کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔