وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے کارروائی کے دوران لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزمان میں محمد ارشد، صہیب علی حشمت، احمد نواز، ذوالفقار، مظہر خان اور منشا شامل ہیں، جنہیں سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان 2023ء میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔
ملزمان شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔
لیبیا کشتی حادثے کے 9 متاثرین سے 5 کروڑ 16 لاکھ روپے ہتھیائے گئے، لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاؤسز میں رکھا گیا اور کشتی سے یورپ بھجوانے کی کوشش کی گئی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔