• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتہ نہیں بھارت اب کس منہ سے کھیلے گا: شاہد آفریدی کا باؤنسر

--فائل فوٹو
--فائل فوٹو

بوم بوم آفریدی نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر بھارتی کھلاڑیوں پر باؤنسر کرواتے ہوئے کہا کہ بھارت اب ناجانے کس منہ سے کھیلے گا، پر کھیلے گا پاکستان کے ساتھ ہی۔

برطانیہ میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز لیگ جاری ہے جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کیا تھا۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹرز نے راؤنڈ میچ میچ پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، بھارتی سیاستدان اروند ساونت نے بھی موجودہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔

ان بیانات کے جواب میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے برمنگھم کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم پر طنز  کیا جس سے ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔

 انہوں نے کہا کہ آج ہم سیمی فائنل میں پہنچے ہیں، ہماری عمر دیکھو، اس عمر میں ہم سیمی فائنل کھیل رہے ہیں، اب بھارت کو ہمارے ساتھ کھیلنا پڑے گا، چاہے وہ چاہے یا نہ چاہے، پتہ نہیں کس منہ سے کھیلے گا، مگر کھیلے گا ضرور۔

یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جہاں پاکستانی شائقین نے بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا اور شاہد آفریدی کی تعریف کی اور دلچسپ تبصرے کیے۔

ایک مداح نے تبصرہ کیا، ’ہمارے فائٹر جیٹ شاہد آفریدی نے 5 رافیل طیارے مار گرائے‘، ایک اور صارف نے لکھا، ’کمال جواب دیا، اب پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملانا چاہیے‘، کئی صارفین کا کہنا تھا، ’بھارت شکست کے خوف سے میدان میں آنے سے کترا رہا ہے۔‘

واضح رہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں 20 جولائی کو ہونے والا پاک بھارت کرکٹ میچ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی، غیر پیشہ ورانہ رویے اور شاہد آفریدی کے خلاف تعصب کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید