پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاری جاری ہے، قومی ٹیم نے بدھ کے روز بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔ آل راؤنڈر سلمان علی آغاز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے ایک روز قبل کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے دورہ جنوبی افریقہ میں دوسرے ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردیں۔ ٹیسٹ اسکواڈ نے نیولینڈز اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی 3 گھنٹے پریکٹس کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔ کیپ ٹاؤن کی پچ پر تھوڑی گھاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد عباس کو اپنی صلاحیتوں کا علم ہے وہ صورتحال کے مطابق گیند کرنا جانتے ہیں۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کےلیے ابھی پلیئنگ الیون فائنل نہیں ہو سکی، کل فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق کیپ ٹاؤن کی اس پچ پر اسپنرز بھی کھیلتے ہیں۔ مینجمنٹ نے ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انکا کہنا تھا کہ سنچورین میں بڑا شاندار مقابلہ ہوا، ہم نے بھی اس میچ میں فائٹ کیا۔ ہم بڑے پُراعتماد ہیں کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دیں گے۔ ہمارا مورال بلند ہے ہم نے ہوم ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی شکست دی تھی۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا امید ہے کہ دوسرا ٹیسٹ میچ بھی سنسنی خیز ہوگا۔ ہمارا اب بھی یقین ہے کہ ہم جنوبی افریقہ کو اسکی سرزمین پر ٹیسٹ میچ میں شکست دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 3 جنوری سے شروع ہوگا۔ سیریز میں ہوم ٹیم کو پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے۔