دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 80 اوورز کھیل کر 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے ہیں۔
کیپ ٹاؤن میں جاری ٹیسٹ میچ میں اوپنر ریان ریکلٹن 176 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آج آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر کپتان ٹیمبا باووما تھے، جنہوں نے 106 رنز کی باری کھیلی، انہیں سلمان علی آغا نے رضوان کی مدد سے قابو کیا۔
جنوبی افریقی اوپنرز نے اچھا آغاز کیا اور پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 61 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد خرم شہزاد نے ایڈن مارکرم کو 17 رنز پر آؤٹ کردیا۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بولرز نے جنوبی افریقی بیٹرز کے گرد جیسے گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا اور صرف مزید 11 رنز کے اضافے کے دوران 2 وکٹیں حاصل کرلیں۔
جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 70 اور تیسری وکٹ 72 رنز پر گری۔
ویان ملڈر کو 5 رنز پر محمد عباس نے جبکہ ٹرسٹن اسٹبس کو صفر پر آغا سلمان نے آؤٹ کیا۔
بعدازاں پہلے دن کھانے کے وقفے پر جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹ پر 72 رنز بنالیے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ میر حمزہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم
شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس ٹیم میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقہ نے جیتا تھا۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقہ نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی۔
ایک میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا جبکہ اس کے بعد 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کر کے فتح حاصل کی تھی۔