• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت کتنی تیزی سے گزرتا ہے کہ ابھی کچھ عرصہ قبل ہم جس سال 2024ء کی آمد پر ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے تھے، آج وہی سال کبھی نہ واپس آنے کیلئے تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔ ویدک علم نجوم الاعداد کے مطابق سال 2024ء کرما کا سال تھا، ہندو دھرم کے تحت انسان کے اعمال، ارادے اور فیصلے ایسے نتائج مرتب کرتے ہیں جو مستقبل پر براہ راست اثرانداز ہوتے ہیں،کرما کا بنیادی تصور یہ ہے کہ ہراچھے کام کا نتیجہ اچھا ہوتا ہے جبکہ برا کرنے والا کبھی قدرت کی پکڑ سے نہیں بچ سکتا۔سال 2024ء عالمی الیکشن کا بھی سال تھا اورپاکستان سمیت امریکہ، روس، بھارت، بنگلہ دیش، شمالی کوریا، انڈونیشیا، پرتگال، میکسیکو، جنوبی افریقہ، یورپی یونین اور ساٹھ سے زائد ممالک میں بسنے والی دنیا کی نصف سے زیادہ آبادی نے انتخابی عمل میں حصہ لیا، میں نے الیکشن کے حوالے سے پیشگی خبردار کردیا تھا کہ کرما کے سال میں ماضی کی غلطیوں کا کفارہ ادا کرنے والوں کے مقدر میں کامیابی آئے گی جبکہ غرور و تکبر کا مظاہرہ کرنے والے کرما کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں گے۔پاکستان میں آٹھ فروری کو الیکشن کا بگل بجا تو سیاسی منظرنامے پر غیریقینی صورتحال کے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے، الیکشن نتائج کے بعد ملکی صورتحال میں بہتری آئی یا نہیں؟ یہ ایک الگ بحث ہے، تاہم کرما تھیوری نے مفاہمت کی سیاست کے بادشاہ آصف علی زرداری کو صدرِ پاکستان کے اعلیٰ ترین عہدے سے ضرور نوازا جنہوں نے ماضی کے تمام مخالفین کوگلے لگا کرکے ملک میں مفاہمت کی سیاست کوفروغ دیا۔اسی طرح گزشتہ سال دیگر ممالک میں منعقدہ الیکشن نتائج نے ماضی کے ہر حکمران کو اپنے کرموں کا پھل چکھنے پر مجبور کردیا، بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ مسلسل چوتھی بارقومی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے میں تو وقتی طور پر کامیاب ہوگئیں لیکن کرما کا مقابلہ نہ کرسکیں اور بپھرے ہوئے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر انکی حکومت کو بہالے گیا۔پڑوسی ملک کے پردھان منتری نریندرا مودی بھی اپنے کرموں کا شکار ہوئےاوروہ اب کی بار چارسو پار کا ہدف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئے،کرما کے سال میں شام کے سابق حکمران بشارالاسد سمیت دیگر عالمی راہنماؤں کے اقتدار کا سورج بھی ڈوب گیا، تاہم سپرپاور امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ پر قسمت کی دیوی مہربان ہوگئی اور تمام تر تجزیوں، قیاس آرائیوں اور سروے رپورٹس کے برعکس ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس کی انتخابی جنگ میں واضح کامیابی سال کی سب سے بڑی خبر قرار پائی۔گزشتہ سال عالمی منظر نامے پر مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال چھائی رہی اور اکتوبر 2023ء میں سرزمین ِ فلسطین میں شروع ہونے والے خونی تصادم نے سال 2024ء میں بھی معصوم فلسطینیوں کی جانیں لینے کا سلسلہ جاری رکھا،اقوام ِ متحدہ نے اپنی رپورٹ میں غزہ کو بچوں کا قبرستان قرار دیکر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اسرائیل کو جارحیت سے باز رکھنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہ اٹھائے جاسکے بلکہ عالمی برادری کی بے حسی کے باعث اسرائیل نے لبنان، شام اور ایران میں بھی بہیمانہ کارروائیاں شروع کردیں۔یہ سال ایران کی زیرسرپرستی مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل مخالف اتحاد محورِ مزاحمت کیلئے بدقسمت ترین سال ثابت ہوا، گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری پراکسی وار ایران اور اسرائیل کے مابین براہِ راست حملوں میں ڈھل گئی، تاہم ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں المناک وفات نے دنیا کو ششدر کردیا اور پھر خطے میں اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی علامت حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ،حماس کے اگلے سربراہ یحییٰ سنوار اور دیگر اہم رہنما یکے بعد دیگرےاسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنتے چلے گئے۔ گزشتہ سال روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ایک مرتبہ پھر اگلے چھ سال کیلئے روس کے صدر کے عہدے کیلئے منتخب ہوگئے لیکن یوکرین میں جاری ہولناک جنگ اور پھر مشرق وسطیٰ میں روس کے تیزی سے ختم ہوتے کردار نےکئی سوالات کو جنم دیا۔اب جبکہ کرما کا سال ختم ہوچکا ہے اور سالِ نو کا سورج طلوع ہوچکا ہے، جوتشیوں کا کہنا ہے کہ سال 2025ء مفاہمت اور سمجھوتے کا سال ہے، علم الاعداد کی روُ سے سالِ نو 2025ء کا یونیورسل نمبر9 ہے، یہ طاقتور ہندسہ مفاہمت، تعاون، ایک دوسرے کو سمجھنے اور مدد کرنے سے منسوب ہے، یہ سال ماضی کی تلخیوں کو بھُلا کرایک نئی زندگی کی شروعات کا سال ہے،یہ سال اپنے اندر اور آس پاس کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کا سال ہے، سال2024ء میں انسانیت کو جوگہرے زخم لگے،یہ سال ان زخموں کو بھرنے، شفا یابی اور علاج کا سال ہے۔سالِ نو کے موقع پر مجھے یہ آگاہ کرتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ وانکوانی پریوار کی جانب سے اپنے بڑے بھائی ڈاکٹر پریم کمار وانکوانی کی یاد میں آبائی علاقے اسلام کوٹ میں 110ایکڑ پر محیط پریم نگر ماڈل ویلیج تین سال کی مختصر مدت میں حقیقت کا روپ دھار گیا ہے، اس وقت غریب بے سہارا بچوں کیلئے ایس او ایس چلڈرن ویلج تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ لاچار معذور اور بوڑھے بے گھر افراد کیلئے شیلٹر ہوم، تھر یونیورسٹی، تھر نیچرل ہسٹری سینٹر، نرسنگ ہومز، پیرامیڈیکل کالج، وغیرہ جیسے اعلیٰ معیاری فلاحی پراجیکٹس پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔پریم نگر کی کامیابی نے بڑوں کی اس نصیحت کو سوفیصدی درست کردیا ہے کہ اگر انسان نیک نیتی سے درست سمت میں جدوجہد کرے تو اوپر والا خود اپنے بندے کیلئے راستے نکالتا ہے۔جوتشیوں کے مطابق سال 2025 ء کرما کے سال میں غلطیوں کا کفارہ ادا نہ کرنے والوں کیلئے سزا کا بھی سال ہے، گزشتہ سال جس کسی نے طاقت کے گھمنڈ میں غلط فیصلے کیے، اسے سالِ نو میں مفاہمت اور سمجھوتے کے ذریعے حالات سُدھارنے کا ایک موقع مل رہا ہے، سالِ نو کا سورج ہر ایک کیلئے یہ وارننگ لیکر طلوع ہوا ہے کہ وہ اپنی آنکھوں پر بندھی غرور و تکبر کی پٹی اتار پھینکے۔ ستاروں کی چال بتاتی ہے کہ سال 2025ء خدا کی لہولہان دھرتی بالخصوص فلسطین کی مقدس سرزمین کو امن کا گہوارہ بنانے کا سال ہے، یہ سال پاکستان میں مفاہمت کی سیاست کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا بھی سال ہے۔ میری مالک سے پراتھنا ہے کہ مفاہمت کا سال 2025ء امن و سلامتی کا سندیسہ لیکر آئے اورہمیں ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرکے انسانیت کے ناطے ایک دوسرے کو معاف کرنے کا حوصلہ عطافرمائے۔

تازہ ترین