ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد متاثرہ ممالک ایران، عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئی ہیں تاہم فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہیں ہو سکا ہے۔
جنگ بندی معاہدے کے بعد ایران کی فضائی حدود مشروط طور پر کھولی گئی ہے جس کے لیے تہران سے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی پروازوں کو حکومت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔
فضائی حدود کھلنے کے بعد تہران سے مہان ایئر کی دہلی کے لیے پہلی پرواز ڈبلیو 571 شام ساڑھے 6 بجے روانہ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق امام خمینی ایئرپورٹ تہران، تبریز، شیراز، مشہد یا کسی اور ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہوسکا۔ ایرانی طیاروں کی آمد اور روانگی کا سلسلہ بدھ سے شروع ہونے کی امید ہے۔
ایران کے ان ایئرپورٹس پر امارات اور ترکش ایئر لائن کے 12 دن سے پھنسے طیاروں کی روانگی بھی بدھ سے متوقع ہے۔
عراق کے سرحدی شہر بصرہ سے پروازیں پہلے ہی اڑان بھر رہی تھیں جو ٹیک آف کے فوری بعد پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آپریشن برقرار رکھے ہوئے تھیں، اب ان پروازوں نے اپنے ملک عراق کی فضائی حدود سے گزرنا شروع کر دیا ہے۔
اسی طرح عراق کے سب سے بڑے ایئرپورٹ بغداد سے فلائٹ آپریشن اب تک شروع نہیں ہوسکا۔
اسرائیل کی فضائی حدود کھلتے ہی تل ابیب ایئرپورٹ سے پروازوں کی جزوی آمد اور روانگی شروع ہوگئی ہے تاہم مختلف غیر ملکی ایئر لائنز نے تل ابیب ایئرپورٹ کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن تاحال بحال نہیں کیا اور ایئرپورٹ کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہورہی ہیں۔
خطے میں صورتحال بہتر ہونے کے باوجود شام کے دمشق ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔ لبنان کے بیروت ایئرپورٹ سے بھی پروازوں کی آمد اور روانگی کی معمول کی بحالی نہیں ہوسکی۔
کئی گھنٹے کی بندش کے بعد منگل کی صبح فضائی حدود کھلنے کے باوجود قطر کے دوحہ ایئرپورٹ پر فلائٹ اپریشن معمول پر نہیں آسکا۔، خاص طور پر قطر کی سرکاری ایئر لائن کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہو رہی ہیں۔
دوحہ ایئرپورٹ پر نصف شب کو پروازوں کی آمد کی اوسط تاخیر 5 منٹ اور پروازوں کی روانگی میں اوسط تاخیر 60 منٹ رپورٹ ہورہی تھی۔
بحرین ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن معمول پر اگیا ہے، کویت ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمد و روانگی معمول پر ہے، روانگی کی تاخیر 19 جبکہ آمد میں 12 منٹ کی تاخیر رپورٹ ہوئی۔
دبئی ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن نارمل ہوگیا ہے پروازوں کی آمد میں اوسط تاخیر 5 منٹ جبکہ روانگی میں 22 منٹ رپورٹ کی گئی ہے۔