سپریم کورٹ نے تین ماہ میں کیسز نمٹانے کی تفصیلات جاری کردیں۔ عدالت عظمیٰ کے اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ نے 28 اکتوبر 2024 سے 3 جنوری 2025 تک 7482 مقدمات نمٹائے۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی قیادت میں عدالت نے مقدمات کے فوری فیصلے کے عمل کو تیز کیا۔ مقدمات کی منصوبہ بندی، وسائل اور انتظامی بہتری سے عدالتی کارکردگی میں اضافہ ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق عدالتی اصلاحات کے تحت ای حلف نامہ اور فوری تصدیق شدہ کاپیوں کی فراہمی شروع کی گئی۔ قانونی ماہرین، فریقین اور سول سوسائٹی سے فیڈ بیک لینے کا عمل متعارف کرایا گیا۔
چیف جسٹس کے دور دراز اضلاع کے دورے اور ضلعی عدلیہ کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی گئی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی عدلیہ کے وسائل میں بہتری کے اقدامات کیے گئے۔
اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ میں نئے مقدمات کے اندراج کی تعداد 2,950 رہی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق عدالتی نظام میں شفافیت اور موثر بنانے کیلئے جدید آئی ٹی سسٹم کا انضمام کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق عوام کی ضروریات کے مطابق عدالتی نظام کو جوابدہ اور آسان بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔