سجاول (نامہ نگار)ضلع سجاول میں زرداری خاندان کی دبنگ انٹری، آئندہ عام انتخابات میں عاشق زرداری ضلع سجاول سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر متوقع امیدوار کے طور سامنے آ گیا، گذشتہ روز دڑو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ منائی گئی اور کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سجاول/ ٹھٹھہ اضلاع کے سابق صدر ارباب وزیر میمن کی جانب سے دڑو کی مین پارک پر جلسہ عام منعقد کیا گیا ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد علی خان ملکانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی میں شامل شیرازی برادران میں سے ایم این اے ایاز شاہ شیرازی، صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی، ایم پی اے شاہ حسین شاہ شیرازی کی عدم شرکت کے باعث پیپلز پارٹی سجاول میں اندرونی اختلافات ظاہر ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب شہید بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر جلسے کے ذریعے صوبائی وزیر علی حسن زرداری کے صاحبزادے عاشق علی زرداری کی سجاول میں انٹری کروائی گئی۔ پیپلز پارٹی ضلع سجاول کے رہنماؤں کی جانب سے عاشق زرداری کا۔غیر معمولی استقبال کرنے والے عمل کو عوامی حلقوں میں انہیں آئندہ انتخابات میں سجاول کے حلقے سے منتخب کروانے کے طور پر دیکھا جارہا ہے جبکہ شیرازی برادران کی جانب سے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔