• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: طلعت عمران

حسبِ روایت، سالِ نوکے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کا گویا ایک انبار سا لگ گیا۔ تو لیجیے، آپ کی خواہشوں، امیدوں، خوشیوں اور نیک تمنّاؤں کی یہ صندوقچی کھول کر آپ کے سامنے رکھے دے رہے ہیں۔ ملاحظہ فرمائیے، اپنے پیغام، اپنے پیاروں کے نام کا پہلا حصّہ۔

شریکِ حیات، شازیہ عمران کے نام

؎ نئے سال تم جب بھی آنا…سب کے لیے بس خوشیاں لانا…ہر چہرے پر ہنسی سجانا…ہر آنگن میں پُھول کھلانا…جو بچھڑے ہیں، اُنہیں ملانا…جو رُوٹھے ہیں، اُنہیں منانا…جو سوئے ہیں، اُنہیں جگانا۔ (عمران خالد خان، گلستانِ جوہر، کراچی کی جانب سے )

عالمِ اسلام کے لیے

؎ نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے …خُدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے۔ (لیاقت مظہر باقری، گلشنِ اقبال ، کراچی کی نیک خواہشات)

بھائیوں، بھابھی اور بھتیجے کے نام

میرے پیارے بھتیجے روحان، میرے بھائیوں کاشف، وجیہہ اور تنزیل، اور بھابھی جویریہ کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ یہ برس پاکستانی قوم اور تمام مسلمانوں کے لیے باعثِ رحمت ہو۔ (طاہرہ، کراچی کی پُرخلوص تمنّا)

اہلِ وطن کے لیے

تمام اہلِ وطن کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ یہ برس ہم سب کے لیے بہت سی خوشیاں، مسکراہٹیں لے کر آئے۔ (منصور احمد خان زادہ ایڈووکیٹ، نوشہرو فیروز، سندھ کی طرف سے)

اہلِ اقتدار کے نام

سالِ گزشتہ انسانیت سوز واقعات اور حادثات سے لب ریز تھا۔ سو، سالِ نو کا آغاز اس دُعا سے کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ، جو قادرِ مطلق ہے، اہلِ اقتدار کے دِلوں میں انسانوں سے محبّت کا جذبہ پیدا فرمائے کہ احترامِ آدمیت ہی انسانیت کی بقا کا ضامن ہے۔ (بلقیس متین، کراچی کی دُعا)

چھوٹے بھائی، عظمت علی کے لیے

مُجھے اپنے چھوٹے بھائی، عظمت علی سے بہت پیار ہے۔ وہ کچھ کھلنڈرا، لاپروا سا ہے اور سمجھانے بجھانے پر رُوٹھ جاتا ہے۔ ان دنوں بھی مُجھ سے ناراض ہے، تو ’’جنگ، سن ڈے میگزین‘‘ کے توسّط سے مَیں اُسے یہ بتانا چاہتا ہوں کہ مُجھے اس کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔ (ثناء اللہ سیّد، اسلام آبادکا اپنے برادرِ خورد کے لیےخلوص بَھرا پیغام)

دوستوں کے نام

نئے اور پُرانے سبھی دوستوں کو میری طرف سے نیا سال مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کو نئے سال میں ڈھیروں کام یابیوں سے نوازے۔ آپ کا نصیب تاروں کی مانند جگمگائے۔ (صائمہ مسلم، کراچی کی جانب سے)

مرحوم والد کے لیے

والدِ محترم کو دُنیائے فانی سے رخصت ہوئے 14برس ہوگئے ہیں، مگر اُن کی یاد کم ہونے کا نام نہیں لیتی بلکہ دردِ دل بڑھتا ہی جاتا ہے۔ سالِ نو کے موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں ابدی راحتیں نصیب فرمائے۔ (محمد رفیع اعوان، نشاط کالونی، لاہور کینٹ کا پُرسوز پیغام)

جنگ، سن ڈے میگزین کے قارئین کے نام

نیا سال نئی امیدیں، نئی توقّعات اور نئے مواقع لے کر آتا ہے۔ سو، 2025ء بھی آگے بڑھنے اور اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کا وقت ہے۔ 2024ء اس اعتبار سے میرے لیے یادگار رہا کہ اس برس پہلی مرتبہ میری تحاریر جنگ، سن ڈے میگزین کی زینت بنیں۔ میری دُعا ہے کہ نیا سال ہم سب کے لیے سلامتی اور خیرو برکت سے بھرپور ہو۔ (محمد اقبال شاکر، میاں والی کے پُرعزم کلمات)

والدِ محترم، سیّد سردار حسین نقوی مرحوم و مغفور کے نام

؎ اے خُدا تیری تجلّی ہے کہ کچھ لوگ یہاں…موت کے بعد بھی صدیوں میں جیا کرتے ہیں۔ (سیّد ذوالفقار حسین نقوی، علی ہائٹس، نیورضویہ سوسائٹی، کراچی سے)

پاپا کے نام

پاپا جانی! آپ کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ یہ سال آپ کے لیے ڈھیروں کام یابیاں و کام رانیاں لے کر آئے۔ (ماہم عمران، گلستانِ جوہر، کراچی کا پیغام)

والدین کے نام

؎ رنجش ہی سہی، دل ہی دُکھانے کے لیے آ …آ پھر سے مُجھے چھوڑ کے جانے کے لیے آ۔ (قلم سویرا کی التجا)

ناہید اختر کے نام

؎ دسمبر! تیرے آنے سے…دسمبر! تیرے جانے سے… بدلتا اب نہیں، کچھ بھی…وہ سارے موسموں کے ساتھ بستا ہے میرے اندر۔ ( عدنان عبّاسی، کراچی کی عقیدت)

پیاری بیگم کے لیے

آپ نے پچھلے32برس کے دوران جس بے لوث انداز سے میرا ساتھ نبھایا اور مُجھ پر اپنی خوشیاں نچھاور کرنے کے ساتھ بےشمار احسانات بھی کیے، اُن پر مَیں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی آپ کو جزائےخیر عطا فرمائے۔ (جاوید حسین جوّاد، کراچی کا اپنی شریکِ حیات کو خراجِ تحسین)

والدین اور بہن بھائیوں کے نام

میری دُعا ہے کہ نیا سال آپ سب کے لیے خوشیاں لے کرآئے۔ آپ کی اُمّید زندہ اور حوصلہ باقی رہے اور آپ کی زندگی کا ہر لمحہ، طلوعِ آفتاب سمےسورج کی کرنوں جیسا روشن ہو۔ (مشعال فاطمہ کی طرف سے)

والدین کے نام

والدین اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہیں، جو اپنی اولاد پر اپنا سب کچھ نچھاور کر دیتے ہیں۔ ہم اپنے پیارے والدین کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن کی صحت و سلامتی اور ترقّی و خوش حالی کے لیے ہردَم دُعاگو ہیں۔ (ایمان کامران اور عبد الرحمٰن خان، مُرشد ٹاؤن، راول پنڈی سے)

عالمِ اسلام کے لیے

میری طرف سے پوری دُنیا اور بالخصوص عالمِ اسلام کو سالِ نو بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ نیا سال امن کی نوید ثابت ہو۔ (قاسم عبّاس، ٹورنٹو، کینیڈا)

شریکِ حیات کے لیے

سالِ نو کے موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میری خُوب صُورت اور نیک سیرت اہلیہ اور ہماری جوڑی کو تا قیامت سلامت رکھے۔ (زین العابدین، ابوظبی سے)

والدہ مرحومہ کے نام

گرچہ میرا اپنی ماں کے ساتھ زندگی کا سفر بہت مختصر رہا، لیکن اُن سے وابستہ خوش گوار یادیں میرے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ (زین العابدین، فیصل آباد کی یادیں)

ڈاکٹر ایم صابر سکندری کے لیے

میری طرف سے حیدرآباد کے معروف فزیشن، ڈاکٹر ایم صابر سکندری کو، جو ہمارے گھر کے سربراہ اور عزم و ہمّت کے پیکر ہیں، نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ اُنہیں صحتِ کاملہ عطا فرمائےاوراُن کا سایہ ہمارے سَروں پر قائم و دائم رکھے۔ (ڈاکٹر ایم عارف سکندری، کھوکھر محلّہ، حیدرآباد، سندھ کا سندیسہ)

پیاری ہم شیرہ کے نام

پیاری ہم شیرہ اور یاسر بھائی کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ (روشان، وہاب اور وہاج، حیدرآباد سے)

ماموؤں کے نام

ہم سب کے پیارے، راج دُلارے ممتاز ماموں اور انصار ماموں کو نئے سال کی ڈھیروں مبارک باد۔ (برہان، نیلم اور فیملی کی جانب سے)

مرحوم والدین کے لیے

یوں تو ہمارے دِلوں میں ہمہ وقت ہی اپنے محبوب،ایثارکیش والدین کی یاد زندہ رہتی ہے، لیکن نئے سال کے آغاز سمیت دیگر خاص مواقع پر اُن کی کمی بے حد محسوس ہوتی ہے۔ سو، سالِ نو کے آغاز پر دلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے مرحوم والدین کی بخشش فرمائے، اُنہیں جنّت میں الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ہم سب کو صحت بخش زندگی اور کُشادہ رزق عطا کرے۔ (زاہد احمد خان، کامران احمد خان، سمیرا خان اور شازمہ خان، کھنہ کاک، مُرشد ٹاؤن، راول پنڈی کا جذبا ت سے معمور پیغام)

ماموں اور ممانی کے لیے

پیارے ثاقب ماموں اور ممانی کو شادی اور نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کی جوڑی ہمیشہ سلامت رکھے۔ (ولید، مریم، نہال، بلال، منیب، کراچی کی دلی تمنّا)

امی، ابّو اور بہن بھائیوں کے نام

میری طرف سےامّی، ابّو،حمزہ بھائی اور پیاری پیاری بہنوں کو سالِ نو مبارک ہو۔ (حافظ حسیب الرحمٰن، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)

شاہ رضا کے نام

دِلی تمنّا ہے کہ نیا سال آپ کے لیے ڈھیروں خوشیاں، مسرّتیں لے کر آئے اور میرے دل میں آپ کی محبّت زندگی کی آخری سانس تک باقی رہے گی۔ (سمیرا شاہ رضا کا اپنے رفیقِ حیات کے لیے محبّت بَھرا پیغام)

ہم سفر کے نام

اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و سلامتی والی طویل زندگی عطا فرمائے اور نئے سال کا ہر دن آپ کے لیے خوشیوں سے بھرپور ہو۔ (سمیرا فاطمہ کی جانب سے)

ہونہار بیٹے کے لیے

میرے پیارے بیٹے اُسامہ! آپ نے ہمیشہ ایک قابل، تابع فرمان بیٹا ہونے کا ثبوت دیا ہے، یہاں تک کہ کیریئر کو مزید بہتر بنانے کے لیے 2024ء کے آخر میں کینیڈا کا رُخ کیا۔ میرے بیٹے! آپ نے ہمیشہ کی طرح وہاں بھی عزم واستقلال کا مظاہرہ کرنا ہے اور مَیں اُمّید کرتی ہوں کہ سالِ نو آپ کے لیے مزید کام یابیوں کے دروازے کھولے گا۔ (واجد علی شاہین، لاہور کی اپنے فرزند کے لیے نیک تمنّائیں)

اہلِ اورنگی کے لیے

میری طرف سے اہلِ اورنگی، کراچی کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ سالِ نو ہم سب کے لیے امن او ر رحمت کا سال ثابت ہو۔ (قاسم بھائی اینڈ برادرز، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)

ارکانِ پارلیمنٹ کے نام

پارلیمنٹ ایک قانون ساز ادارہ ہے، جو جلسے جلوسوں، احتجاجوں پر بحث کے لیے وجود میں نہیں آیا۔ نئےسال کےآغاز پرمَیں ارکانِ پارلیمنٹ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ مُلک کی بہتری کے لیے قانون سازی پر توجّہ دیں۔ ایوان میں ہمہ وقت عمران خان کو موضوعِ بحث بنا کر آپ خود ’’قیدی نمبر804‘‘ کی اہمیت بڑھا رہے ہیں اور مُلک کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ (خواجہ تجمّل حسین کا پیغام)

پیکرِ صداقت، دیانت وشرافت والدِ مرحوم کے لیے

میرے والدِ محترم نے گزشتہ برس 15رمضان المبارک کوداعیٔ اجل کو لبّیک کہا۔ اُن کے عالمِ فانی سے رخصت ہوجانے کے بعد اندازہ ہوا کہ ہمارے سروں سے ایک شجرِ سایہ داراُٹھ گیا ہے۔ وہ وکالت کے پیشے سے وابستہ رہے اور اس دوران انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور راست بازی کی ایسی مثالیں قائم کیں کہ آج بھی اُن کے ہم پیشہ اُن کے لیےرطب اللسان ہیں۔ 

وہ حمد ونعت گوئی کے ذریعے گاہے گاہے اللہ اوراُس کےرسولﷺ سےاپنی محبّت و عقیدت کا اظہار بھی نہایت دِل کَش اندازمیں کرتے رہے۔ علاوہ ازیں، مفلس و نادار افراد کی ہمیشہ مالی معاونت کی، جب کہ صلۂ رحمی اُن کا مثالی وصف تھا۔ میری دُعا ہے کہ ربّ العالمین اُن کی تمام خطائیں درگزر کرکے اُنہیں جنتّ الفردوس میں اعلیٰ وارفع مقام عطا فرمائے۔ آمین (قاضی جمشید عالم، ستلج بلاک، علاّمہ اقبال ٹاؤن، لاہور کاخراجِ عقیدت)

محصورینِ پاکستان کے نام

میری طرف سے تمام اہلِ وطن، عالمِ اسلام اور بالخصوص محصورینِ پاکستان کو سالِ نو کی ڈھیروں مبارک باد۔ دلی دُعا ہےکہ اللہ تعالیٰ سالِ نو میں محصورینِ پاکستان پراپنا خاص کرم فرمائے اور ان کی مشکلات دُور کردے۔ نیز، حُکم رانوں کے دِلوں میں بھی اُن کے لیے جذبۂ ہم دردی پیدا فرمائے۔ (محمّد لئیق شُہرت حسین، عزیز آباد، فیڈرل بی ایریا، کراچی کا دل گیر پیغام)

پیاری، راج دُلاری، پاکستانی قوم کے نام

مَیں سالِ نو کے آغاز پر اپنی پیاری، راج دُلاری پاکستانی قوم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مایوسی کو کُفر قرار دیا ہے، اس لیے کبھی ہمّت نہ ہارنا اور علم، عمل، محبّت و محنت سے اپنا مستقبل سنوارنےکی جستجو کرتے رہنا۔ (ڈاکٹر ادیب عبدالغنی شکیل، حضرت صاحب روڈ، قدیر آباد، ملتان کا پیغام)

سنڈے میگزین سے مزید