خیبر پختون خوا کے ضلع کرم میں کشیدگی کے باعث 17 ترقیاتی منصوبوں پر کام رک گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹل پاراچنار، ہنگو سلارزئی اور ٹل میرعلی روڈز پر تعمیراتی کام کا آغاز تاخیر کا شکار ہے، ٹل پاراچنار میں 25 ارب روپےکی لاگت سے روڈز کی مرمت اور دو رویہ کیا جانا ہے۔
دستاویزات کے مطابق کرم میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن، روڈز، پل اور توانائی کے منصوبوں پر کام جاری تھا، کے پی حکومت کی جانب سے منصوبوں کے لیے 10 کروڑ روپےخرچ کیے گئے ہیں۔
سیکریٹری محکمۂ مواصلات و تعمیرات اسرار احمد نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ کرم میں حالات ٹھیک ہوں گے تو کام شروع کیا جائےگا، ٹل پاراچنار روڈ سمیت 3 شاہراہوں کو بہتر کرنے کا مقصد علاقے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری محکمۂ منصوبہ بندی شاہد اللّٰہ خان کا کہنا ہے کہ کرم میں پراجیکٹس کے لیے فنڈز موجود ہیں، مسئلہ حل ہوتے ہی تعمیراتی منصوبوں پر کام شروع کر دیا جائے گا۔