پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و اداکار احمد علی بٹ کے بیٹے اذان علی بٹ کی نعت پڑھتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
احمد علی بٹ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اپنی اہلیہ فاطمہ اور بیٹے اذان علی بٹ کے ہمراہ بطور مہمان شرکت کی۔
اس شو کے ایک ویڈیو کلپ میں اداکار کے بیٹے کو مشہور نعت ’تاجدارِ حرم‘ اپنی خوبصورت آواز میں پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں بیٹے کو کم عمری میں انتہائی ادب کے ساتھ نعت پڑھتے ہوئے دیکھ کر احمد علی بٹ اور اہلیہ فاطمہ کے چہرے سے چھلکتی ہوئی خوشی اور فخر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔
اذان علی بٹ کی نعت پڑھتے ہوئے وائرل ہونے والے اس ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ احمد علی بٹ اور خاص طور پر ان کی اہلیہ کی بیٹے کی اچھی تربیت کرنے پر خوب تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ احمد علی بٹ کی اداکارہ فاطمہ خان سے 2013ء میں شادی ہوئی تھی اور ان کے ہاں اکتوبر 2014ء میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔