• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احمد علی بٹ کا فاطمہ خان سے شادی سے متعلق دلچسپ انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستانی نامور کامیڈین، میزبان، اداکار و سابق گلوکار احمد علی بٹ نے اہلیہ، سابقہ اداکارہ فاطمہ خان سے شادی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

احمد علی بٹ نے گزشتہ شب  جیو نیوز کے مشہور ترین مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔

اس دوران احمد علی بٹ اور شو کے میزبان تابش ہاشمی نے اپنی نت نئی جگتوں سے ناظرین کو ہنسا ہنسا کر اُن کے جبڑوں میں درد کر دیا۔

شو کے دوران احمد علی بٹ نے دلچسپ گفتگو کی اور متعدد سوالات کے جواب دیے۔


اداکار نے سابقہ اداکارہ، فاطمہ خان سے اپنی پسند کی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ فاطمہ خان اُن سے زیادہ مشہور تھیں، اُنہوں نے فاطمہ خان کو اپنے ٹی وی پروگرام ’جٹ اینڈ بونڈ‘ کی ایک ایپیسوڈ کی آفر کی، فاطمہ خان نے آفر قبول کی لیکن اُس وقت فاطمہ کے بہت زیادہ نکھرے تھے اسی لیے انہوں نے مجھ سے بات تک نہیں کی۔

احمد علی بٹ نے مزید بتایا کہ شادی سے قبل 9 سال ہماری اچھی دوستی رہی پھر فاطمہ برطانیہ سے تعلق رکھنے کے سبب مجھے چھوڑ کر برطانیہ چلی گئی۔

اداکار کا شو کے دوران بتانا تھا کہ مجھے فاطمہ کو شادی کے لیے راضی کرنے پر 9 سال لگ گئے اور بہت کوششوں کے بعد میں نے فاطمہ کو واپس پاکستان بلا ہی لیا۔

دورانِ شو احمد علی بٹ کا بتانا تھا کہ انہوں نے ماضی میں کامیڈی کے ساتھ پنجابی اور انگریزی زبان میں سنجیدہ تھیٹرز بھی کر رکھے ہیں، اُس وقت ٹی وی پر معاوضہ زیادہ تھا اس لیے وہ ٹی وی کی جانب آ گئے۔


اداکار نے اپنا وزن کم کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اِنہیں وزن کم کرنے میں 2 سال کا عرصہ لگا، وزن کم کرنے کا سفر کوویڈ 19 کے دوران شروع ہوا تھا، اِنہیں خود سے احساس ہوا تھا کہ وہ اب 40 سال کے ہوگئے ہیں اس لیے اُنہیں اب اپنا وزن کم کر لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزن کم کرنے کے پیچھے سب سے بڑی وجہ میرا بیٹا تھا، میں صحت مند اور اپنے بیٹے کے ساتھ زیادہ متحرک رہنا چاہتا تھا۔

یاد رہے کہ احمد علی بٹ کی اداکارہ فاطمہ خان سے 2013ء میں شادی ہوئی تھی اور ان کے ہاں اکتوبر 2014ء میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید