پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تیاریوں کا عمل پوری شدت سے جاری ہے اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔
پی سی بی نے ایک باقاعدہ اپ ڈیٹ میں مداحوں، شائقین اور میڈیا کو یقین دلایا ہے کہ تمام اپ گریڈیشن کے کام شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور مقررہ وقت سے پہلے یا وقت پر مکمل کر لیے جائیں گے۔
قذافی اور نیشنل بینک اسٹیڈیمز میں تیاریوں کی پیش رفت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، پی سی بی نے آنے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز ان دونوں مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ سیریز جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا پاکستان کے ساتھ شامل ہوں گے، اصل میں ملتان میں شیڈول تھی، یہ فیصلہ پی سی بی کے ان اپ گریڈ شدہ مقامات کی تیاری پر اعتماد اور کھلاڑیوں، آفیشلز، اور شائقین کے لیے عالمی معیار کے تجربے کی فراہمی کی عکاسی کرتا ہے، سیریز کی مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔
قذافی اسٹیڈیم کی گنجائش 35000 تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے اور پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں، مزید برآں براڈ کاسٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو شائقین کے لیے شاندار ویونگ کوالٹی فراہم کریں گی۔
تماشائیوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے، دو بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز (80 فٹ x 30 فٹ اور 22 فٹ x 35 فٹ) آئندہ ہفتے نصب کی جائیں گی۔
کھلاڑیوں اور آفیشلز کی مہمان نوازی کے لیے ایک نیا انکلوژر بھی بنایا گیا ہے جو 25 جنوری تک مکمل طور پر فعال ہو گا، یہ مشہور اسٹیڈیم تمام شراکت داروں کے لیے ایک بے مثال تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر بہتری کی گئی ہے، جن میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے نیا مہمان نوازی انکلوژر شامل ہے۔
براڈکاسٹ کوریج کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو عالمی ناظرین کے لیے بہترین وژیبلیٹی کو یقینی بناتی ہیں، دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز پہلے ہی نصب کی جا چکی ہیں اور تماشائیوں کی سہولت کے لیے 5000 نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں معمولی بہتری کی جا رہی ہے، جس میں 10000 نئی کرسیاں نصب کرنا، مہمان نوازی بکس کی اپ گریڈیشن اور دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز شامل ہیں، یہ بہتریاں اسٹیڈیم کو آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
اپ گریڈیشن کے عمل کے دوران پی سی بی کے کیوریٹرز ٹونی ہیمنگ کی نگرانی میں میدان کو محفوظ، صحت مند اور تازہ رکھنے کے لیے محنت سے کام کر رہے ہیں، ان کوششوں کو ترجیح دینے کے لیے، لاہور اور کراچی میں اپ گریڈیشن کے آغاز کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی گئی جبکہ راولپنڈی کی میزبانی میں آخری میچ گزشتہ سال کے آخر میں ہوا تھا۔
پی سی بی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ تمام مقامات آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء اور دیگر بین الاقوامی میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہوں، 250 سے زائد مزدور دن رات 25 جنوری کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پی سی بی کو یقین ہے کہ یہ اپ گریڈیشن شائقین کے تجربے کو بلند کرے گی اور پاکستان کی ایک بہترین کرکٹ میزبان کے طور پر ساکھ کو برقرار رکھے گی۔