خیبر پختونخوا میں اسپتالوں کیلئے پاکستان کا پہلا آن لائن میڈیسن آرڈرنگ پورٹل تیار کیا گیا ہے۔ پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پورٹل کا باضابطہ اجراء کر دیا۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پورٹل کے ذریعے ڈی ایچ اوز اور ایم ایس ادویات کے آرڈرز دے سکیں گے، پورٹل میں ادویات کی منظور شدہ لسٹ پہلے موجود ہوگی، آرڈر خود کار طور پر تیار ہوگا۔
بریفنگ کے مطابق سسٹم میں ضلع کے جغرافیائی پروفائل کے مطابق ادویات کی ضروریات فیڈ ہوں گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوامی خدمات کیلئے صحت اور تعلیم ترجیحات ہیں، صوبے کی مالی خود کفالت کےلیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا قرضہ اتارنے کےلیے ڈیٹ منیجمنٹ فنڈ قائم کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔ ابتدائی طور پر ڈیٹ منیجمنٹ فنڈ میں 30 ارب روپے منتقل کر دیے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا صحت کارڈ کے نظام میں بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، تمام سرکاری اسپتال صحت کارڈ پینل پر لانے کےلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صحت کارڈ کے تحت لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ بھی کرائیں گے۔