گیلپ پاکستان کے تازہ سروے میں پاکستانی عوام کی اکثریت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر معاہدے کی مکمل حمایت کی ہے جبکہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر مسلح افواج پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
گیلپ پاکستان نے یہ سروے ملک بھر میں 12 سے 18مئی 2025 کے درمیان کیا۔
سیز فائر معاہدہ :
سروے میں سیز فائر قبول کرنے کے فیصلے پر 91 فیصد پاکستانیوں نے اسے حکومت کا درست فیصلہ قرار دیا اور فیصلے کی مکمل حمایت کی، البتہ 6 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔
اس سوال پر کہ کیا بھارت سیزفائر معاہدے کی مکمل پابندی کرے گا؟ 52 فیصد پاکستانی پُراعتماد دکھائی دیے، کہا بھارت کو جنگ بندی جاری رکھنی پڑے گی، البتہ 34 فیصد نے شک کا اظہار کیا، کہا بھارت سیز فائر معاہدہ توڑ دے گا، 14 فیصد نے اس بار ے میں کچھ نہ جاننے کا کہا۔
مسلح افواج اور حکومتی کارکردگی :
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی عوام کی اکثریت عسکری اور سیاسی قیادت سے خوش بھی دکھائی دیے۔ اور سروے میں شامل 97 فیصد پاکستانیوں نے مسلح افواج کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔
جنگ میں کس کی جیت ہوئی؟ گیلپ پاکستان کے اس سوال پر 96 فیصد پاکستانیوں نے پاکستان کو فاتح قرار دیا، 2 فیصد نے کہا کہ تنازع میں کسی کی جیت نہیں ہوئی۔
تنازع کے بعد مسلح افواج کے بارے میں عوامی رائے میں بھی واضح بہتری آئی اور 93 فیصد پاکستانیوں نے مسلح افواج کے بارے میں اپنی رائے میں مثبت تبدیلی آنے کا کہا۔
سروے میں 73 فیصد پاکستانی حکومتی کارکردگی سے بھی خوش دکھائی دیے اور سفارتی محاذ پر کامیابی کی تعریف کی، البتہ 12 فیصد نے درمیانہ موقف اختیار کیا، 7 فیصد ناراض دکھائی دیے، جبکہ 8 فیصد نے اس سوال پر کوئی رائے دینے سے گریز کیا۔
گیلپ پاکستان کے مطابق بھارت کیخلاف واضح موقف رکھنے پر پاکستانیوں نے سیاسی جماعتوں کو بھی سراہا اور 65 فیصد نے مسلم لیگ ن کے کردار کو مثالی کہا، پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے 58 فیصد جبکہ پی ٹی آئی کے کردار کو سروے میں 60 فیصد نے اچھا کہا۔
جنگ کس کی جانب سے شروع کی گئی؟
اس سوال پر 87 فیصد نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کا کہا، 4 فیصد نے دونوں ملکوں کو قصور وار ٹھرایا۔
سروے میں پاک بھارت کشیدگی میں کمی کےلیے 83 فیصد نے چین، 76 فیصد نے ترکیہ، 75 فیصد نے سعودی عرب، 71 فیصد نے ایران جبکہ 39 نے امریکا کی تعریف کی۔