• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

49 فیصد خواتین خواندہ، 2.28 کروڑ بچے اسکول سے باہر، وزیراعظم

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد سے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی، پاکستان میں خواتین کل آبادی کا نصف سے زیادہ ہیں، اسکے باوجود خواتین کی شرح خواندگی صرف 49 فیصد ہے جبکہ خطرناک حد تک تقریباً 22اعشاریہ8 ملین بچے جنکی عمریں پانچ سے آٹھ سال کے درمیان ہیں وہ اسکولوں سے باہر ہیں جن میں لڑکیوں کی متناسب تعداد بھی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شریک مسلم ممالک کے وزرائے تعلیم سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزرائے تعلیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم متعلق کانفرنس میں شرکت پر میں آپ کا مشکور ہوں، یہ کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبے اوردیگر علاقہ جات بچوں کے اسکول میں داخلہ کے حوالہ سے جامع کاوشیں کر رہے ہیں بعض وجوہات کی بنا پر اسکول میں لڑکیوں کا داخلہ ایک بڑاا چیلنج ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کانفرنس میں شرکت اور انعقاد کے حوالہ سے وزیراعظم کے کردار پر اپنے اور اپنی پوری ٹیم کے علاوہ کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے بھی اظہار تشکر کیا۔ ترکیہ کے وزیر تعلیم نے کانفرنس کے انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میں حکومت پاکستان اور وزیر تعلیم کی جانب سے انتہائی اہم ایجنڈا پر کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ کانفرنس کے انعقاد سے لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے منفی پراپیگنڈہ کا بھی سدباب ہوگا۔۔ ملاقات میں شریک صومالیہ کے وزیر نے اپنی تعلیم کے دوران قیام پاکستان اور پاکستان کی ترقی کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے عالم اسلام اورخصوصا صومالیہ میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی بچوں کی بڑی تعداد اسکول سے باہر ہے، میں دیگر ممالک کے تجربات سے استفادہ کیلئے کانفرنس میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے حوالہ سے پاکستان کاکردار قابل ستائش ہے۔ کرغزستان کی وزیر تعلیم نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے کانفرنس اور اس کا ایجنڈا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تمام مسلم ممالک کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے اور ہم سب ممالک کو اسسے استفادہ کرنا چاہئے۔ ملائیشیا کے وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر تعلیم اور رابطہ عالم اسلامی اہم کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس تعلیم اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ موجودہ حالات میں خواتین کی تعلیم مزید اہمیت اختیار کرچکی ہے۔

اہم خبریں سے مزید