ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیمز ووڈز کے لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کی لپیٹ میں آئے گھر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
جیمز ووڈز نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر آگ کی لپیٹ میں آئے اپنے گھر کی ویڈیو خود شیئر کی ہے۔
یہ ویڈیو اداکار نے ہنگامی بنیاد پر اپنے گھر سے نکلتے ہوئے چھت پر کھڑے ہو کر بنائی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے گھر کے آس پاس کے گھروں کو آگ لگی ہوئی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ اس ویڈیو میں آگ اب میرے گھر اور میرے پڑوسی کے گھر کی طرف بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہے اور میری پڑوسن کا گھر جلنے لگا ہے لیکن مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میرا گھر جو آگ کی لپیٹ میں آیا تھا اس کا زیادہ تر ڈھانچہ محفوظ ہے۔
یاد رہے کہ کچھ دن پہلے جیمز ووڈ نے امریکی میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران روتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا گھر مکمل طور پر جل گیا ہے۔
ان کی انٹرویو کے دوران رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھی اور اس وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے کے بجائے اُنہیں یاد دلایا تھا کہ کس طرح سفاک دلی سے اُنہوں نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ظلم کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کی تھی۔