• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاس اینجلس: فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کرنیوالے اداکار کا گھر جل گیا، ٹی وی پر رو پڑے


امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ میں معروف اداکار جیمز ووڈ کا گھر بھی جل کر راکھ ہو گیا۔

لاس اینجلس کے شمالی علاقوں میں چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیلنے والی آگ نے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اس آگ سے شہر کے مشہور علاقے پیسیفک پیلیسیڈز میں موجود ہالی ووڈ کی کئی معروف شخصیات کے مہنگے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس میں جلنے والے مہنگے گھروں میں 2 مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والے اور 3 مرتبہ ایمی ایوارڈز جیتنے والے اداکار جیمز ووڈ کا گھر بھی شامل ہے۔

جیمز ووڈ اپنا گھر جلنے کے بعد امریکی میڈیا کو اس افسوس ناک واقعے کے بارے انٹرویو دیتے ہوئے رو پڑے۔

امریکی اداکار انٹرویو کے دوران رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں اپنی زندگی میں آئے اس مشکل وقت میں کوئی ہمدردی نہیں ملی۔

اس موقع پر سوشل میڈیا صارفین نے جیمز ووڈ کو  یاد دلایا کہ کس طرح سفاک دلی سے اُنہوں نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ظلم کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کی تھی۔

دیگر صارفین کی طرح سابق پاکستانی اداکارہ انعم فیاض نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر امریکی اداکار کی اسرائیل کی حمایت میں کی گئی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔

اُنہوں نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کیشن میں قرآن کی یہ آیت لکھی ہے: ’وَمَكَرُوا وَمَكَرَ اللَّهُ ۖ وَاللَّهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ‘ جس کا اردو میں ترجمہ ہے ’کافروں نے ایک تدبیر کی، لیکن اللّٰہ نے بھی ایک تدبیر کی اور اللّٰہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے‘۔

واضح رہے کہ پیسیفک پیلیسیڈز میں منگل کی صبح لگنے والی بے قابو آگ سے 1 ہزار سے زائد گھر اور کاروباری مراکز راکھ کا ڈھیر بن گئے، آگ سے نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالرز سے بھی زائد کا لگایا جا رہا ہے۔

رہائشی اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو گئے اور اب وہ بے یقینی کی حالت میں اپنے گھروں کی خبر کے منتظر ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پورے علاقے کی گلیاں صفحۂ ہستی سے مٹ چکی ہیں، جبکہ فائر فائٹرز پانی کی قلت اور دیگر چیلنجز کے باوجود آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔