ممبئی پولیس نے بھارتی معروف اداکار، پٹودی خاندان کے نواب سیف علی خان پر حملہ کرنے کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار سیف علی خان کو ممبئی میں ان کے گھر پر چاقو مارے جانے کے ایک دن بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مذکورہ شخص کو آج صبح گرفتار کر کے باندرہ پولیس اسٹیشن لایا گیا، پولیس کی جانب سے اس سے متعلق زیادہ معلومات تاحال شیئر نہیں کی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پولیس تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کر رہی ہے کہ آیا یہ وہی شخص ہے جس نے گزشتہ روز سیف علی خان کے گھر میں گھس کر حملہ کیا تھا۔
پولیس نے مزید پوچھ گچھ کے لیے مشتبہ شخص کو باندرہ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 1 روز قبل رات گئے ملزم نے اداکار کے باندرہ میں واقع اپارٹمنٹ پر فائر اسکیپ سیڑھی کے ذریعے رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔
خون میں لت پت والد کو بیٹے نے رکشے میں اسپتال پہنچایا، شدید زخمی سیف علی خان کی حالت خراب ہونے کے باعث ان کی نیوروسرجری بھی کرنی پڑی تھی۔
ممبئی پولیس کے مطابق یہ خوفناک واقعہ 16 جنوری کی صبح ساڑھے 3 بجے پیش آیا تھا۔
حملہ آور مبینہ طور پر چوری کی نیت سے داخل ہوا تھا اور بچوں کے کمرے میں داخل ہو کر اس نے سیف پر چھری سے وار کیے تھے۔
اداکار کو چھریوں کے متعدد زخم آئے تھے جن میں چھاتی اور ریڑھ کی ہڈی میں ایک گہری چوٹ بھی شامل ہے۔