مشہور بھارتی اداکارہ بھاگیاشری پکل بال کھیلتے ہوئے شدید زخمی ہوگئیں، انہیں ماتھے پر گہرا زخمی آیا اور 13 ٹانکے لگانے پڑے۔
ایک پاپارازی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تازہ تصاویر کے مطابق اداکارہ کے ماتھے پر گہرا زخم آیا ہے۔
ایک تصویر میں بھاگیاشری کو اسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ایک ڈاکٹر ان کے زخم کا علاج کر رہا ہے، جبکہ دوسری تصویر میں وہ زخم پر پٹی باندھنے کے باوجود مسکراتی ہوئی نظر آئیں۔
اداکارہ کو بائیں جانب آنکھ کے اوپر گہرا زخم آیا ہے، اداکارہ نے تاحال اپنی صحت سے متعلق کوئی باضابطہ اپ ڈیٹ شیئر نہیں کی۔
مداحوں نے بھاگیاشری کی جلد صحت یابی کےلیے دعائیں کیں۔ ایک مداح نے لکھا، ’جلد ٹھیک ہو جائیں، نیک تمنائیں!‘ جبکہ دوسرے نے کہا، ’اوہ خدایا۔۔۔ بھاگیاشری جی جلد صحت یاب ہو جائیں!‘
ایک اور تبصرے میں لکھا، ’وہ اب بھی مسکرا رہی ہیں، یہی اصل حوصلہ ہے۔ جلدی ٹھیک ہو جائیے!‘
بھاگیاشری نے 1989 میں فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے ڈیبیو کیا تھا، جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ نظر آئیں۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ رہی۔
بعد میں انہوں نے صحت کے مسائل کی وجہ سے ایک دہائی تک فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کی۔ حال ہی میں وہ کامیڈی ڈرامہ سیریز ’لائف ہل گئی‘ میں کیمیو کردار میں نظر آئیں۔