• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچانک شادی کیوں کی؟عمرشہزاد نے اہم وجہ بتادی

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کے معروف اداکار و ماڈل عمر شہزاد نے اپنی اچانک شادی کرنے کی وجہ بتا دی۔

عمر شہزاد نے فروری 2025ء میں مدینہ منورہ میں نکاح کر کے سب کو حیران کر دیا تھا، ان کی اچانک شادی کی خبر نے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کے افراد کو حیرت میں ڈال دیا۔

حال ہی میں عمر شہزاد نے اپنی شادی کی تفصیلات ایک رمضان ٹرانسمیشن کے دوران شیئر کیں، جہاں معروف اداکارہ روبینہ اشرف نے ان سے شادی کے بارے میں سوال کیا۔

روبینہ اشرف نے سوال کیا کہ ہمیں باقی مشہور شخصیات کی شادیوں کا تو پہلے سے پتہ چل گیا تھا لیکن آپ کی شادی سب کے لیے ایک سرپرائز تھی، کیا آپ ہمیں بتائیں گے کہ یہ سب کیسے ہوا؟

اس کے جواب میں عمر شہزاد نے کہا کہ ہمارے خاندانوں کے درمیان پہلے سے شادی سے متعلق بات چیت ہو رہی تھی، لیکن مدینہ میں نکاح کا فیصلہ ایک مشترکہ سوچ کا نتیجہ تھا، یہ میری خواہش تھی کہ میرا نکاح مدینہ میں ہو اور جب میں نے اس بارے میں اپنی منگیتر سے بات کی تو وہ جذباتی ہو گئیں کیونکہ یہ ان کی بھی خواہش تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مجھے انڈسٹری میں ہونے والی دیگر شادیوں کے بارے میں علم نہیں تھا، درحقیقت میں خود اپنی شادی کے بارے میں بھی زیادہ پُریقین نہیں تھا، سب کچھ خدا کی مرضی سے اچانک اور بہت جلدی ہو گیا، میرا بھائی جرمنی سے اپنے اہلخانہ کے ساتھ آیا، میرے والدین بھی وہاں پہنچے اور میری منگیتر کے خاندان کے افراد بھی مدینہ آ گئے۔

عمر شہزاد نے بتایا کہ ہمارا نکاح انتہائی سادگی سے صرف 21 مہمانوں کی موجودگی میں ہوا، مدینہ میں کچھ پابندیاں تھیں لیکن میرے دوست کی مدد سے ہم نے سب کچھ بخوبی مکمل کیا، میرے دوست کے ایک عالم دین نے ہمارا نکاح پڑھایا۔

سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کی شادی کو سادگی اور برکت سے بھری ایک یادگار شادی قرار دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید