پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے پہلے دن پاکستان ٹیم نے 4 وکٹ پر 143 رنز بنالیے ہیں۔
ملتان میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے دن کا کھیل دھند کے باعث متاثر رہا اور مقررہ وقت کے بجائے دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوا، پاکستانی اننگز کا آغاز شان مسعود اور محمد ہریرہ نے کیا۔
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 5 اعشاریہ 5 اوورز میں 16 رنز پر گری، بیٹر محمد ہریرہ 6 بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد 9 ویں اووور کی پہلی گیند پر20 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود صرف 11 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔
میچ کے 10ویں اوور کی 5ویں گیند پر31 کے اسکور پر قومی ٹیم کو کامران غلام 5 رنز کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔
میچ میں پاکستان کی چوتھی اور اہم وکٹ بابراعظم کی گری، جو صرف 8 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 46 رنز تھا۔
اس کے بعد پانچویں وکٹ پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے 97 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرلی ہے، دونوں کھلاڑی اس دوران اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گداکیش موتی نے 1 وکٹ اپنے نام کی ہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ پہلی اننگز میں اچھا اسکور کر کے آخری اننگز میں دباؤ ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ آج ٹاس صبح 9 بجے جبکہ میچ کا آغاز ساڑھ 9 بجے ہونا تھا لیکن دھند کے سبب میچ دیر سے شروع ہوا۔
پہلے ٹیسٹ میں شان مسعود، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد، ابرار احمد اور محمد ہریرہ ٹیم میں شامل ہیں۔
ٹیسٹ ڈیبیو کے لیے پُرعزم اوپنر بلے باز محمد ہریرہ کا کہنا ہے کہ ملک کی نمائندگی بڑا اعزاز ہے، اپنے چاچا شعیب ملک کے نقش قدم پر چل ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسمبر 2006ء کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔