اسلام آباد(فاروق اقدس)مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی سفارتی کمیٹی کےوفد کے چند ارکان چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں امریکا پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفد کے جو ارکان امریکا پہنچ گئے ہیں ان میں بلاول بھٹو، حنا ربانی اور سابق سفیر جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔وفد کے دیگر ارکان، جن میں سینیٹر مصدق ملک اور سابق وزیر خرم دستگیر خان شامل ہیں، چند روز میں امریکا پہنچیں گے اور وفد میں شامل ہو جائیں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 2 جون سے امریکی حکام سے ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔ دورے کے دوران وفد کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔