• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کے ایتھلیٹس کو دیے گئے چیکس میں متعدد غلطیاں، کھلاڑی و والدین پریشان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں میڈلز جیتنے والے ایتھلیٹس کو سندھ محکمہ کھیل کی جانب سے ملنے والے چیک میں کئی غلطیاں سامنے آئی ہیں جس کے باعث کھلاڑی اور انکے اہلِ خانہ پریشان ہوگئے۔ 

اسلام آباد میں ہوئے بین الصوبائی گیمز جس میں سندھ کے دستے نے بھی شرکت کی اور 79 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن لی۔

سندھ حکومت نے میڈلز جیتنے والے بچوں کو کیش ایوارڈز دینے کیلئے تقریب سجائی، گولڈ میڈل کو ایک لاکھ، سلور میڈلز کو 75 اور برانز میڈلز جیتنے والوں کو 50 ہزار روپے کا چیک دیا۔

بیشتر چیک پر تحریر میں کچھ رقم اور ہندسوں میں دوسری رقم درج تھی یعنی چیک میں 65 ہزار ہندسوں میں درج ہیں اور تحریر میں 50 ہزار درج ہیں، کسی پر ہندسوں کی رقم 15 ہزار درج ہے تو تحریر میں اس سے کئی گنا رقم درج ہے۔

کئی چیکس بچوں کے نام سے بنائے گئے جبکہ ابھی تک ان بچون کے اکاؤنٹ ہی نہیں بنے۔ والدین کہتے ہیں وہ اپنے اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کرواچکے ہیں جبکہ محکمہ کھیل کہتا ہے کہ والدین نے تفصیلات نہیں دیں۔

سندھ سرکار نے چیک دینے کی تقریب تو کر ڈالی لیکن محکمہ کھیل کے اکاؤنٹ میں رقم ہی موجود نہیں، اس وجہ سے جو چیک دیے گئے ان کو کیش کروانے کی تاریخ ایک ماہ بعد کی دی گئی ہے۔ 

سیکریٹری محکمہ کھیل عبدالعلیم لاشاری کا کہنا ہے کہ تھرڈ کوارٹر کی گرانٹ ریلیز نہیں ہوئی، چیک باؤنس نہ ہوں اور کھلاڑی پریشان نہ ہوں اس وجہ سے تاریخ ایک ماہ بعد کی دی گئی۔ سیکریٹری اسپورٹس نے تسلیم کیا کہ چند چیک میں غلطیاں ہو گئی ہوں گی وہ دفتر آکر صحیح کروالیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید