وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس کی فنانس کمیٹی کے رکن الیگزینڈر گرین سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔
محسن نقوی نے الیگزینڈر گرین کو افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور دراندازی سے آگاہ کیا۔
اُنہوں نے پاکستان میں زلزلہ اور سیلاب متاثرین کی مدد پر الیگزینڈر گرین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِداخلہ نے امریکی کانگریس مین الیگزینڈر گرین کے مسئلہ فلسطین پر اصولی مؤقف کو سراہا۔
اُنہوں نے کہا کہ الیگزینڈر گرین کا فلسطین کے لیے توانا آواز بلند کرنا قابل ستائش ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کانگریس مین الیگزینڈر گرین کے فلسطین پر اصولی مؤقف کو بہت پزیرائی ملی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں گرم جوشی آ رہی ہے، آنے والے دنوں میں پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
کانگریس مین الیگزینڈر گرین نے کہا کہ میں جلد پاکستان کا دوبارہ دورہ کروں گا، اس سے پہلے بھی زلزلے اور سیلاب میں عوام سے یک جہتی اور مدد کے لیے 4 بار پاکستان گیا تھا۔