اسلام آباد(نمائندہ جنگ) 29 وزارتوں اور ایک آئینی ادارے کی 11877 پوسٹوں کی منسوخی کی تصدیق، 4660 ڈائنگ پوسٹیں ختم، وزیر خزانہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی رائیٹ سائزنگ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی بریفنگ، کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سائزنگ کے اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ 29 وزارتوں اور ایک آئینی ادارے نے اب تک 11877پوسٹوں کی منسوخی اور 4660 ڈائنگ پوسٹوں کو ختم کرنے کی تصدیق کر دی، کابینہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزارت ریلوے کی رائیٹ سائزنگ کا جائزہ لیاگیا ۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو سراہا اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی کاوشوں کا اعتراف کیا،وزارت ریلوے سے متعلق کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت میں موجود 95,859 منظور شدہ پوسٹوں میں سے 17,101 پوسٹیں پہلے ہی ختم کی جاچکی ہیں جبکہ 5,695 پوسٹوں کے خاتمے کا عمل جاری ہے۔
وزارت ریلوے کے رائیٹ سائزنگ اقدامات کے تحت آئندہ مستقبل میں مزید 15,000 پوسٹیں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے .
کمیٹی نےرائیٹ سائزنگ منصوبے میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے اور وسائل کو بہتر طور پر استعمال کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا اور پاکستان ریلوے کو جدید بنانے اور اس کے آپریشن کو مزید موثر اور فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی.
کابینہ کمیٹی نے وزارت ریلوے کے کیس کو ذیلی کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ تجویز کردہ اقدامات کا مزید جائزہ اور عمل درآمد کیا جاسکے، کمیٹی نے ہدایت کی کہ وفاقی وزارتو ں میں رائیٹ سائزنگ کے اقدامات کو مرحلہ وزار انداز میں جاری رکھا جائے تاکہ مؤثر، فعال اور پائیدار پالیسی کے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔