کراچی(اسٹاف رپورٹر)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے تیسرے دن سرکاری ٹی وی نے ایشال ایسوسی ایٹس کو اننگز اور88رنز سے، اوجی ڈی سی ایل نے غنی گلاس کو52رنز سے شکست دے دی۔ ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز بنا سکی۔ اذان اویس اور عبدالواحد کی کوششیں بھی اپنی ٹیم کواننگزکی شکست سے نہ بچاسکیں۔ اذان اویس نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز اسکور کیے۔عبدالواحد نے 86 رنز کی اننگز کھیلی ،فیصل اکرم نے 93 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس کو اوجی ڈی سی ایل کےخلاف جیتنے کے لیے 202رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شرجیل خان 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد حذیفہ نے 33 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں ۔اس سے قبل اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں266 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ثاقب سمیر 83 عبدالرحمن مزمل57 اور عادل امین 53رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کے آر ایل کو ایس این جی پی ایل کے خلاف جیتنے کے لیے207رنز کا ہدف ملا ہے کھیل ختم ہونے پر اس نے3وکٹوں پر81رنز بنائے تھے۔ جیت کیلئے مزید 126رنز درکار ہیں۔اس سے پہلے ایس این جی پی ایل دوسری اننگز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ،سیف اللہ بنگش نے62رنز کی اننگزکھیلی۔ محمد قیصر نے 4وکٹیں حاصل کیں۔اسٹیٹ بینک کو واپڈا کے خلاف جیتنے کے لیے145رنز کا ہدف ملا ہے۔وہ اپنی دوسری اننگز بدھ کوشروع کرے گی۔اس سے قبل واپڈا کی ٹیم دوسری اننگز میں 241 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں347رنز بناکرآؤٹ ہوگئی تھی ۔عمرامین نے سنچری بنائی۔خالد عثمان نے5وکٹیں حاصل کیں۔