کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان جمعرات کو متوقع ہے۔ حتمی اسکواڈ میں زخمی اوپنر صائم ایوب ، عبداللہ شفیق اور امام الحق کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔ پاکستان کو 2017 میں چیمپئن بنانے والے فخر زمان کی شمولیت ہوسکتی ہے۔ ممکنہ اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان )، بابرا عظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، عثمان خان، شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا، حارث رؤف، نسیم شاہ، خوشدل شاہ، محمد حسنین،عامر جمال اور ابرار احمد شامل ہوسکتے ہیں۔ دریں اثنا قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کریں ۔ اس سلسلے میں پرائم منسٹر ہاؤس اور پی سی بی حکام رابطے میں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پویلین اور مین بلڈنگ میں ائیر کنڈیشننگ کا کام مکمل ہے ۔ چھ ٹاورز کی لائٹس اور دو اسکرینوں کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ اطراف میں تمام روڈز مکمل ہیں ۔ گھاس اور پودے لگانے کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بدھ کو پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ مین پویلین اور میڈیا باکسز کی اپ گریڈیشن مکمل ہوچکی ہے ۔ محسن نقوی نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹیموں کیلئے مجوزہ سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ چیمپئنز ٹرافی میں راولپنڈی اسٹیڈیم میں 24 فروری کو بنگلہ دیش کا مقابلہ نیوزی لینڈ، 25 فروری کو آسٹریلیا کا جنوبی افریقا اور 27 فروری کو پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔