بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کرنے والے پاکستانی اداکار دودی خان نے یوٹرن لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے نیا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بذریعہ ویڈیو پیغام رشتے بھیجنے والے پاکستانی اداکار نے اپنے نئے ویڈیو پیغام میں راکھی ساونت کو اپنی اچھی دوست قرار دیتے ہوئے ان سے شادی سے انکار کر دیا اور ساتھ ہی اپنے یو ٹرن کی وجہ بھی بتا دی۔
تازہ ویڈیو پیغام میں دودی خان نے پرانی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سب نے میری وہ ویڈیو دیکھی میں نے جس میں راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی؟ میں راکھی ساونت کو کافی عرصے سے جانتا ہوں، میں نے انہیں اس لیے شادی کی پیشکش کی کیونکہ میں نے انہیں خدا ترس اور محبت کرنے والا انسان پایا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ راکھی ساونت نے اپنی زندگی میں بہت نشیب و فراز دیکھے ہیں، انہوں نے اپنے والدین کھو دیے، والدین کی بیماری میں ان کے ساتھ رہیں، آج کل کے دور میں یہ ممکن نہیں ہے، ان کی زندگی میں آنے والے شخص نے ان کے ساتھ کیا کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔
دودی خان کا کہنا ہے کہ بھارتی رقاصہ نے اسلام قبول کیا، اپنا نام تبدیل کر کے فاطمہ رکھا، عمرہ ادا کیا جو بہت بڑی بات ہے اسی لیے میں نے انہیں شادی کی پیشکش کی لیکن لوگوں کو یہ اچھا نہیں لگا، مجھے لوگوں کے پیغامات موصول ہوئے، مجھ پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے جو میں برداشت نہیں کر سکتا۔
دودی خان نے یہ بھی کہا کہ مجھے افسوس ہے راکھی جی! آپ میری بہت اچھی دوست ہیں اور رہیں گی، میری دلہن تو آپ نہ بن سکیں لیکن میرا آپ سے وعدہ ہے کہ آپ پاکستان کی بہو تو ضرور بنیں گی، میں آپ کی شادی ضرور اپنے ہی کسی دوست یا بھائی سے کرواؤں گا۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی اداکار کا نیا ویڈیو پیغام سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ انہوں نے سستی شہرت کے لیے پہلی ویڈیو جاری کی تھی۔