پاکستان ون ڈے اسکواڈ نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردیا، پہلے روز قومی ٹیم نے سیناریو بیسڈ پریکٹس میچ کھیلا۔
پاکستان ون ڈے ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے سیریز کی تیاریوں کےلیے کمر کس لی، پاکستان ٹیم نے غنی انسٹیٹیوٹ ڈی ایچ اے لاہور میں پہلا ٹریننگ سیشن کیا۔
وارم اپ سیشن کے بعد کھلاڑیوں نے سیناریو بیسڈ میچ کھیلا، پہلے مرحلے میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام اور سعود شکیل نے بیٹنگ کی جبکہ اسکواڈ میں شامل تمام بولرز نے اسپیلز کیے۔
دوسرے مرحلے میں محمد رضوان، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، عثمان خان، فہیم اشرف اور طیب طاہر نے بیٹنگ کی۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے اوپننگ کی لیکن بابر اعظم جلد آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے مرحلے میں انہوں نے دوبارہ بیٹنگ کی جس کے بعد وہ الگ نیٹ پر شارٹ پچ گیندوں پر پریکٹس کرتے نظر آئے۔ دیگر کھلاڑی بھی بیٹنگ کے بعد ناکنگ میں مصروف رہے۔