ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026ء کے فائنل کے دوران بھارتی بالر ارشدیپ کے غیر ضروری جارحانہ رویے پر نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل ناراض ہو گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے گیارہویں اوور میں ڈیرل مچل نے ارشدیپ کی ایک گیند کھیلی تاہم وہ اسے ٹھیک طرح سے مڈل نہ کر سکے اور گیند سیدھی ارشدیپ کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
اس موقع پر اگرچہ ڈیرل مچل کریز کے اندر موجود تھے، لیکن ارشدیپ سنگھ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گیند ان کی طرف پھینک دی جو ان کی ران پر جا لگی۔
اس اچانک اور غیر متوقع حرکت پر ڈیرل مچل غصے میں آ گئے اور ارشدیپ سنگھ کی طرف بڑھتے ہوئے ان سے تلخ جملوں میں بات کرنے لگے۔
بعد ازاں بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے صورتِ حال کو سنبھالتے ہوئے ڈیرل مچل سے معذرت کی، جبکہ امپائر کی ہدایت پر ارشدیپ سنگھ نے بھی ڈیرل مچل سے ہاتھ ملا کر معافی مانگ لی۔