بھارتی لیجنڈری اداکار 82 سالہ امیتابھ بچن کے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن آج اپنی 49 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
اس موقع پر ابھیشیک بچن کو والدین، امیتابھ اور جیا بچن سمیت مداحوں کی جانب سے بھی سالگرہ کی مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے مگر سابقہ مس ورلڈ، اداکارہ و کاروباری شخصیت ایشوریا رائے نے شوہر کو سالگرہ کی مبارک باد دے کر انٹرنیٹ صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔
ایشوریا رائے نے ابھیشیک بچن کو 49 ویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کی بچپن کی ایک یادگار تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
اداکارہ نے اس پوسٹ کے کیپشن میں شوہر کے لیے ڈھیروں دعائیں کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کو خوشی، اچھی صحت، محبت اور روشنی کے ساتھ سالگرہ مبارک ہو۔
اداکارہ نے اپنے کیپشن میں قوس و قزح اور پھول سمیت نظرِ بَد دور کرنے کے ایموجی کا بھی استعمال کیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ ایشوریا رائے اور اداکار ابھیشیک بچن کی فلم ’اُمراؤ جان‘ 2006ء میں ریلیز ہوئی تھی۔
بعد ازاں 2007ء میں اس فنکار جوڑی نے محبت کی شادی کر لی تھی، ان کی ایک بیٹی ارادھیا بھی ہے۔
ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان کئی برسوں سے طلاق اور علیحدگی سے متعلق افواہیں زیرِ گردش ہیں جنہیں یہ جوڑا متعدد بار رد کر چکا ہے۔