بالی ووڈ پر راج کرنے والے بگ بی امیتابھ بچن نے اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کی 49 ویں سالگرہ پر خصوصی پیغام کے ساتھ یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
امیتابھ بچن نے ابھیشیک بچن کی سالگرہ پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج آخری رات ہے، کل ابھیشیک 49 کا ہو جائے گا، وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں اسپتال کا منظر دیکھا جا سکتا ہے، جب 5 فروری 1979ء کو وہ اپنے بیٹے کی پیدائش کے موقع پر اسپتال پہنچے تھے اور انکیوبیٹر میں ننھے ابھیشیک کو دیکھا تھا۔
امیتابھ بچن اُس وقت بھارتی فلموں کے سب سے مہنگے اداکاروں میں شمار ہوتے تھے اور اُن کی فلمز سنیما کے پردے پر خوب پزیرائی حاصل کرتی تھیں، حالانکہ وہ آج بھی ایک سپر اسٹار ہی ہیں۔
ابھیشیک بچن نے 2000ء میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ پہلی فلم ریفیوجی سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کئی بڑی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اپریل 2007ء میں ابھیشیک بچن نے سابق مس ورلڈ اور اداکارہ ایشوریا رائے سے شادی کی۔
ان کی اس شادی کو بھارت اور دنیا بھر کے میڈیا میں کافی کوریج ملی تھی، ابھیشیک اور ایشوریا رائے کی ایک بیٹی ارادھیا ہے۔