پاکستانی ٹی وی اور فلم کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے مداحوں کے ساتھ سال 2025 میں گزری مشکلات اور ذاتی درد کا پہلی بار کھل کر اظہار کیا ہے۔
ہانیہ عامر نے 2016 میں فلم جنان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور بعدازاں متعدد مشہور پراجیکٹس میں کام کیا، اس وقت انہیں نجی ٹی وی کے ہٹ ڈرامہ سیریل ’میری زندگی ہے تو‘ میں اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے۔
ہانیہ عامر انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سیلیبریٹی بھی ہیں، ان کے 19.3 ملین فالوورز ہیں۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ 2025 ان کے کیریئر کا سب سے کامیاب سال تھا، لیکن اس دوران انہیں جن ذاتی چیلنجز اور درد کا سامنا رہا، وہ مداحوں کو نظر نہیں آیا۔
اپنے خیالات کے اظہار میں ہانیہ عامر نے کہا کہ میں سچ میں یقین کرتی تھی کہ میں اتنی مضبوط ہو گئی ہوں کہ کسی بھی غم سے متاثر نہ ہوں، لیکن زندگی نے مجھے دکھایا کہ میں ایسی نہیں تھی۔ اس سال نے مجھے سکھایا کہ اعتماد نازک ہو سکتا ہے کہ ہر اتفاق خوشی نہیں لاتا اور آپ ہنستے ہوئے، پھولوں کے ساتھ پوز دیتے ہوئے یا مضبوط دکھائی دیتے ہوئے اندر سے سکون کھو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سیکھا کہ طاقت صرف اپنا موقف برقرار رکھنے میں ہے اور خاموشی بے حد بلند ہو سکتی ہے، اس کے درمیان زندگی نے مجھے بہترین طریقوں سے حیران بھی کیا، کام تحفے کی طرح محسوس ہوا، خوشی آہستہ آہستہ آئی اور محبت خاموش مگر پُرسکون طور پر موجود تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ہنسی، میں روئی، میں آگے بڑھتی رہی اور کسی طرح میں زندہ رہی، 2025 نے مجھے بدترین اور بہترین دونوں تجربے دیے، کچھ زخم میرے نہیں تھے، صرف جینے کے لیے تھے اور یہی دوبارہ شروع کرنے کے لیے کافی ہے۔
مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے ہانیہ عامر کے اس اعتراف پر محبت اور دعائیں بھیجیں، ہانیہ عامر کے مداحوں نے بھی ان کے لیے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔